سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو کے ساحل پر جمعرات کے روز وہ کارگو جہاز ڈوب گیا جس میں تقریباً ایک ماہ قبل آگ لگ گئی تھی۔ جہاز کے ڈوبنے کے ساتھ ہی ماحولیاتی نقصان کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
جہاز کے آپریٹر نے بتایا کہ سنگاپور کے ایکس پریس پرل کا ملبہ سمندر میں 21 میٹر کی گہرائی میں اب مکمل طور پر بیٹھ گیا ہے۔ ایکس پریس فیڈرز نے بتایا کہ کسی بھی طرح کے ملبے اور تیل کے پھیلنے سے نمٹنے کے لئے ایک امدادی ٹیم موقع پر موجود ہے۔
سری لنکا کی سمندری ماحولیات پروٹیکشن اتھارٹی کے سربراہ درشینی لہندا پورہ نے بھی جہاز کے ڈوبنے کی تصدیق کی ہے۔
کیمیکلز اور کاسمیٹکس میں استعمال ہونے والے خام مال لے جانے والے جہاز میں 20 مئی کو کولمبو ساحل کے قریب آگ لگ گئی تھی۔ یہ جہاز گجرات میں ہزارہ سے سے سری لنکا پہنچ رہا تھا۔ سری لنکا کی بحریہ کا خیال ہے کہ آگ جہاز میں رکھے گئے کیمیکلز کی وجہ سے لگی ہے، جس میں 25 ٹن نائٹرک ایسڈ اور دیگر کیمیکل شامل ہیں۔
خدشہ ہے کہ جہاز پر چھوڑے گئے کیمیائی مادے اور تیل کا پھیلنا سمندری زندگی کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔
گذشتہ ہفتے حکام نے آگ پر قابو پا لیا تھا لیکن جہاز ڈوبنے لگا تھا۔ سری لنکا کی حکومت نے امریکہ اور کچھ دوسرے ممالک سے سمندری ماحولیات اور ساحلی علاقوں کو ہونے والے نقصان کا اندازہ لگانے میں مدد کے لئے کہا ہے۔ سری لنکا نے ایکس پریس فیڈروں سے 40 ملین ڈالر ہرجانہ ادا کرنے کو کہا ہے۔