پولیس اور ریسکیو ذرائع کے مطابق سائٹ کے علاقے میں بارش کے دوران بجلی کا تار موٹر سائیکل سواروں پر آ گرا جس کے نتیجے میں کرنٹ لگنے سے 2 افراد ہلاک ہوگئے۔
اطلاع کے مطابق دونوں افراد علیحدہ علیحدہ موٹر سائیکلوں پر سوار تھے۔ سائٹ مدرسے کے قریب پی ایم ٹی کا تار ان کے اوپر آ گرا۔
علاقہ کے ایس ایچ او سلیم اعوان کا کہنا ہے کہ 'کرنٹ سے دونوں افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ جن کی شناخت عبدالرؤف اور عبدالمنان کے نام سے ہوئی ہے۔
دوسری جانب 'ایدھی فاؤنڈیشن' کے ترجمان کا کہنا ہے کہ 'تین ہٹی میں ندی لیاری کے قریب 3 بچے کھیل رہے تھے جن میں سے دو ڈوب گئے تاہم ایک بچے کو فوری طور پر بچا لیا گیا جبکہ دوسرے کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔'
ایدھی فاؤنڈیشن کے مطابق 'فیڈرل بی ایریا کے موسیٰ کالونی میں واقع ایک گھر میں بارش کا پانی داخل ہوگیا تھا جہاں دو بھائی 11 سالہ جاوید اور 14 سالہ سلیم کو بجلی کا تار گرنے سے کرنٹ لگا اور دونوں ہلاک ہو گئے۔
گلبرگ کے 'ایس ایچ او' رافع تنولی کا کہنا ہے کہ 'ہلاک ہونے والے دو نوجوان بھائی تھے اور اپنے گھر اندر ہی کرنٹ لگنے سے دم توڑ گئے۔'