چین کے انٹرپول کے سابق سربراہ مینگ ہانگوئی، جنہیں سنہ 2018 میں چین کے دورے پر حراست میں لیا گیا تھا، منگل کو منشیات کے جرم میں 13 برس سے زائد قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
انٹرپول کے سابق سربراہ کے اس معاملے نے بین الاقوامی پولیس کی تنظیم یعنی 'انٹرپول' کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔
مینگ فرانس سے چین کے دورے کے دوران غائب ہو گئے تھے، جہاں انٹرپول کا صدر مقام ہے۔ بعد ازاں ان پر رشوت لینے کا الزام عائد کیا گیا تھا اور انہیں کمیونسٹ پارٹی سے نکال دیا گیا۔
گذشتہ برس ان کی اہلیہ کو فرانس میں سیاسی پناہ دی گئی تھی، انہیں اس بات کا خطرہ تھا کہ وہ اور ان کے دونوں بچوں کو اغوا کیا جا سکتا ہے۔
مینگ کو ساڑھے 13 برس قید کی سزا کے علاوہ ان پر 2 لاکھ 90 ہزار امریکی ڈالر کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔
گذشتہ برس جون میں مقدمے کی سماعت کے دوران انہوں نے 2 اعشاریہ 1 ملین امریکی ڈالر رشوت لینے کے الزام کو قبول کر لیا تھا۔ عدالت نے ان پر الزام عائد کیا تھا کہ انہوں نے اپنے عہدے کا استعمال کر کے ناجائز منافع کمایا ہے اور رشوت کے طور پر خطیر رقم جمع کی ہے۔
مینگ کے اعتراف جرم کے بعد عدالت نے کہا کہ انہوں نے اپنے سبھی گناہوں کا اعتراف کر لیا ہے، اس لیے فیصلے کو چیلنج نہیں کیا جا سکتا۔