چین نے ہانگ کانگ پر برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کے تبصرے پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ چین کے داخلی معاملات میں مداخلت بند کرے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان ژاؤ لیجیان نے جمعرات کے روز معمول کی پریس بریفنگ میں برطانوی وزیر اعظم کے غیر متوقع بیان پر سخت تنقید کی اور برطانیہ پر چین کے اندرونی معاملات میں غیرضروری مداخلت کا الزام عائد کیا۔
انہوں نے کہا کہ 'برطانیہ کو ہمارا مشورہ ہے کہ وہ اپنی سرد جنگ کی ذہنیت اور نوآبادیاتی سوچ کو دماغ سے ہٹائے اور اس حقیقت کو سمجھنے اور اس کا احترام کرنے کی کوشش کرے کہ ہانگ کانگ کی چین واپسی ہوچکی ہے'۔
واضح ر ہے کہ بورس جانسن نے بدھ کے روز اپنے ایک بیان میں ہانگ کانگ کے شہریوں اور ان کی جمہوریت نواز تحریک کی حمایت کے لئے اپنی حکومت کی طرف سے لائے گئے نئے قانون کے بارے میں اطلاع دی تھی۔
انہوں نے کہا تھا کہ اگر چین نے گزشتہ ہفتے پارلیمنٹ میں منظور شدہ قومی سلامتی ایکٹ پر عمل درآمد کیا تو برطانیہ ہانگ کانگ کے لاکھوں باشندوں کو ویزا دے گا اور ان کو شہریت دینے کی راہ ہموار کرے گا۔