کورونا وائرس کے مدنظر سعودی عرب کی وزارت صحت نے عالمی ادارہ صحت کی سفارشات کی بنیاد پر ملک بھر میں تمام سرکاری دفاتر میں آئندہ 16 دنوں تک ملازمین کو حاضری سے روک دیا ہے۔
سعودی حکومت نے عارضی طور پر تعلیمی اداروں کو فاصلاتی تعلیم کا طریقہ کار اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ البتہ محکمہ صحت، قومی سلامتی، مسلح افواج اور سائبر سیکیورٹی جیسے اہم اور حساس محکموں کے ملازمین بدستور اپنے دفاتر میں کام کریں گے۔
کرونا وائرس کے مزید پھیلنے کے خدشے کے تحت فارمیسیوں اور راشن کی دکانوں کے علاوہ دیگر تمام نوعیت کی کاروباری سرگرمیاں بھی روک دی گئی ہیں۔
ہائپر مارکیٹ، سپر مارکیٹ اور کھلی تجارتی منڈیوں کو بھی بند کیا گیا ہے۔ حکومت نے متعلقہ حکام کو صحت کے حوالے سے 24 گھنٹے الرٹ رہنے اور حکومت کی طرف سے پابندیوں کے نفاذ کو یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔ حجام کی دکانیں اور خواتین کے بیوٹی سیلون بھی بند کردیے گئے ہیں۔
ملک میں بیشتر ہوٹل اور کھانے پینے کے مراکز بند کردیئے گئے ہیں کھلی فضاء والے مراکز پرصرف ہنگامی حالات میں خوردو نوش کی اجازت ہے مگر صارفین کو ان مراکز کی میز اورکرسیاں استعمال کرنے سے منع کیا گیا ہے۔
وہیں تمام نجی کمپنیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ باہر سے آنے والے تمام ملازمین کو 14 دن کے لیے قرنطینہ منتقل کریں۔