جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے پاک فوج کو ایک انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ حکومت اور پولیس کے سویلین معاملات میں مداخلت بند کردے۔ فوج کی مداخلت سے ملک میں اتحاد نہیں ہوگا۔
مولانا فضل الرحمن نے صحافیوں کو بتایا کہ 'کراچی کا حالیہ واقعہ پاکستان میں ہر چیز پر فوج کا سخت کنٹرول ثابت کرتا ہے'۔
انھوں نے کہا ہے کہ 'عوام اور سیاسی جماعتوں کے بغیر پاکستان مکمل نہیں، فوج ہمارے لئے آنکھوں کی پلکوں کی مانند ہیں۔ وہ ہمارے لئے صد احترام لیکن پاکستان کی خوشحالی اور ترقی کیے لیے سب کو اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کرنا ہوگا تب ہی ایک خوشحال پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکے گا'۔
انہوں نے مزید کہا کہ 'کل کے واقعہ سے فوج کا سخت کنٹرول ثابت ہوا ہے۔ پاک فوج کو تمام تحصیلوں، اضلاع، قصبوں اور ڈویژنوں کو خالی کرنا چاہئے اور حکومت ۔ پولیس کے سویلین معاملات میں مداخلت بند کرنا چاہئے ورنہ ملک میں اتحاد نہیں ہوگا'۔
واضح رہے کہ پاکستان کی گیارہ مختلف حزب اختلاف جماعتوں نے 'پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)' نام سے اتحاد کیا۔ جس کی سربراہی جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کررہے ہیں۔ جس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) قابل ذکر ہے۔
جمعیت علمائے اسلام سمیت متعدد سیاسی جماعتوں نے وزیراعظم عمران خان کی حکومت کو 'کٹھ پتلی، ناکام اور غیر کارگرد' قرار دیا۔
پاکستان کی کئی حزب اختلاف جماعتیں موجودہ عمران حکومت کے خلاف احتجاج کررہی ہیں اور ان سے استعفیٰ کا مطالبہ بھی کیا جارہا ہے۔
ریلی کے دوران پاکستان مسلم لیگ نواز کی رہنما مریم نواز کے شوہر صفدر اعوان کو ان کے ہوٹل کے کمرے سے گرفتار کیا گیا تھا۔
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے ٹوئٹ کیا ہے کہ 'ہم پاکستان کے آئین اور جمہوری نظام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہم نے اس پر قربانیاں دی ہیں، خود مجھ پر اور میری جماعت کے جید علما پر حملے ہوئے اور شہید کئے گئے۔ ہم پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں مگر ملک کو اس طرح کے نالائق اور جعلی حکمرانوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے'۔
انھوں نے کہا ہے کہ 'آج ہر شعبہ زندگی سے وابستہ افراد کرب میں مبتلا ہیں۔ ملازم پیشہ افراد، اساتذہ، میڈیکل ہیلتھ ورکرز، مزدور، کسان، وکلا، صنعت کار اور کاروباری افراد کے علاوہ تمام طبقات احتجاج پر ہیں دھرنا دے رہے ہیں۔ پوری دنیا ان کی آواز سن رہی ہے مگر وزیراعظم ہاؤس میں بیٹھا ایک جعلی اور بہرہ شخص نہیں سن رہا ہے'۔
مولانا فضل الرحمن نے مزید کہا ہے کہ 'آج غریب آدمی کی قوت خرید جواب دے چکی، مہنگائی سے لوگ خودکشیاں کر ورہے ہیں عام آدمی فاقوں پر مجبور ہوچکا ہے۔ اب انشاءاللہ انقلاب آنے کو ہے، ظلم کی رات ختم ہو کر رہے گی'۔
- مزید پڑھیں: صفدر کی گرفتاری پر فوج کے خلاف پولیس کی بغاوت
واضح رہے کہ پاکستان میں حزب اختلاف کی جماعتوں نے اعلان کیا ہے کہ وہ 'پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ' کے نام سے ایک نیا اتحاد بنائیں گی جس کا مقصد عمران خان کی زیرقیادت حکومت کو اقتدار سے اتارنا ہے۔