یہ اعلان ’’فلائی دبئی‘‘ نے کیا ہے جس کے ساتھ وہ اسرائیل کے لیے براہ راست کمرشل پرواز والی امارات کی پہلی فضائی کمپنی بن گئی۔ کمہنی نے اپنے ویب سائٹ پر ٹکٹوں کی فروخت بھی شروع کردی۔
فلائی دبئی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ دونوں ممالک کی اقتصادی مراکز کے درمیان پروازوں کا آغاز 26 نومبر سے ہوگا۔ واضح رہے کہ دونوں ملکوں کے مابین ابھی گزشتہ ماہ ہی امن معاہدہ ہوا ہے جس کی مسلم ملکوں میں تائید بھی کی گئی ہے اور مخالفت بھی۔
حالیہ ہفتوں میں متعدد مسافر طیارے درجنوں اسرائیلی حکام کے ساتھ دبئی میں لینڈ کر چکے ہیں۔ دیگر قومی ایئرلائنز دونوں ممالک کے درمیان کارگو فلائٹس کا آغاز کرچکی ہیں۔
فلائی دبئی کے مطابق ایئر لائن، امارات سے اسرائیل کے لیے ہفتے میں 14 فلائٹس چلائے گی جبکہ اس کی مدد سے اسرائیلی باشندے افریقہ اور دیگر مشرقی ممالک جانے کے لیے اپنے کئی گھنٹے بھی بچا سکیں گے۔
فلائی دبئی کے سی ای او غیث الغیث کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ‘شیڈول فلائٹس کے آغاز سے دونوں ممالک کے درمیان معاشی ترقی اور مشترکہ سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا'۔
متحدہ عرب امارات اور بحرین وہ تیسرے اور چوتھے عرب ممالک ہیں جنہوں نے اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کیے ہیں جبکہ مصر اور اردن بالترتیب 1979 اور 1994 میں اسرائیل کے ساتھ امن معاہدات پر دستخط کر چکے ہیں۔