بھارت نے ایران میں پھنسے اپنے شہریوں نکالنے کے لئے آج رات ایئرفورس کا ایک ٹرانسپورٹ طیارہ تہران بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سرکاری اطلا ع کے مطابق ہندستانی فضائیہ کا سی۔17گلوب ماسٹر ٹرانسپورٹ طیارہ غازی آباد کے ہنڈن ایئرفورس ہوا ئی اڈہ سے آج رات تقریبا آٹھ بجے پرواز کرے گا۔
ذرائع کے مطابق بھارت نے اپنے وطن واپس آنے کے خواہشمند ہندستانی شہریوں کے کورونا وائرس ٹیسٹ کے لئے پہلے ڈاکٹروں کی ایک ٹیم ٹیسٹنگ آلات کے ساتھ بھیج دی تھی۔ وہاں جانچ میں تقریبا 300لوگوں کو مشتبہ پایا گیا ہے۔
وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر نے آج سری نگر میں جموں وکشمیر کے لوگوں کے ساتھ ملاقات کی تھی جن کے بچے بڑی تعداد میں ایران میں تعلیم حاصل کرنے کے لئے گئے ہیں۔
ڈاکٹر جے شنکر نے انہیں یقین دلایا تھا کہ حکومت تہران سے جلد ہی انہیں ملک واپس لے آئے گی۔ذرائع کے مطابق انہیں بھارت میں لاکر کورونا وائرس سے متاثر لوگوں کیلئے بنائے گئے خصوصی مراکز میں رکھا جائے گا۔