امریکہ نے عالمی وبا کورونا وائرس (کووڈ۔19) کے مریضوں کو ویکسین دینے کی حتمی تاریخ کا اعلان کر دیا ہے۔
امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) کے سربراہ نے کہا ہے کہ کورونا مریضوں کو ویکسین دینے کا آغاز 11 دسمبر سے کیا جائے گا۔
ایف ڈی اے کے سربراہ نے مزید کہا کہ 'منظوری کے 24 گھنٹوں کے اندر ویکسین کورونا مریضوں تک پہنچانے کا ارادہ ہے'۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ 'اجلاس سے منظوری کے بعد 11 یا 12 دسمبر کو ویکسین کورونا مریضوں کو دینا شروع کر دیں گے'۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی دواساز ادارے کی درخواست پر فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کا اجلاس 10 دسمبر کو بلایا گیا ہے۔
اجلاس میں امریکی کمپنی کی بنائی گئی کورونا ویکسین کی منظوری پر غور ہوگا۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی کمپنی فائزر اور جرمن پارٹنر بائیو این ٹیک نے آپسی اشتراک سے تیار کورونا ویکسین کے 95 فیصد مؤثر ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔
اس سے قبل گزشتہ روز جی 20 اجلاس سے خطاب میں روسی صدر ولادیمیر پوتن نے دیگر ممالک کو اپنے ملک میں تیار کردہ کورونا ویکسین دینے کی پیشکش کی تھی۔