امریکی میڈیا کے مطابق ڈونالڈ ٹرمپ انتظامیہ نے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) سے باقاعدہ طور پر امریکی تعلقات ختم کردیا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا وائرس وبائی مرض سے نمٹنے پر اقوام متحدہ کے ادارہ صحت کی کھل کر تنقید کی ہے۔
اطلاعات کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ کے ایک سینئر عہدیدار نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ امریکہ نے ڈبلیو ایچ او سے باضابطہ طور پر علیحدگی اختیار کرلی ہے۔
اس عہدیدار کے حوالے سے بتایا گیا کہ یہ اطلاع اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل کو بھی دے دی گئی ہے۔
سینیٹ کی خارجہ امور کمیٹی کے اعلی ڈیموکریٹ سین رابرٹ مینینڈیزنے ٹویٹ کیا کہ 'انتظامیہ نے کانگریس کو انخلا سے متعلق آگاہ کیا'۔
بتادیں کہ مئی میں ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ ان کا ملک ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کے ساتھ اپنے تعلقات کو ختم کر رہا ہے۔
ٹرمپ نے کہا تھا کہ 'چین صرف ایک برس میں 40 ملین ڈالر ادا کرنے کے باوجود عالمی ادارہ صحت پر مکمل کنٹرول رکھتا ہے، جب کہ امریکہ تقریبا 450 ملین امریکی ڈالر ادا کرتا ہے'
ان کا مزید کہنا تھا کہ صحت عامہ کی ضروریات پر کام کرنے والی دوسری تنظیم کو امریکی ادارہ صحت کے لئے فنڈز ری ڈائریکٹ کریں گے۔
بتادیں کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کے واقعات کی تعداد 11 ملین سے زائد ہوگئی ہے۔ جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 5 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔
واضح رہے کہ امریکہ عالمی ادارہ صحت پر کورونا وائرس کے معاملے پر چین کی طرف داری کرنے کا الزام لگا رہا ہے، جبکہ ڈبلیو ایچ او نے اعلیٰ پیمانے پر ان الزامات کی تردید کی ہے۔