امریکی سینیٹ نے منگل کے روز صدر جو بائیڈن کے دیرینہ اتحادی انٹونی بلنکن کو آئندہ سکریٹری خارجہ کے طور پر مقرر کرنے کی تجویز کو منظوری دے دی ہے، سینیٹ سے تصدیق کے منتظر بلنکن کو 78 سینیٹرز کی حمایت حاصل ہوگئی۔ توقع کی جاتی ہے کہ وہ جلد ہی اپنی ذمہ داری سنبھال لیں گے۔ 22 سینیٹرز نے ان کے خلاف ووٹ دیا۔
سینیٹ کی اکثریت کے رہنما سی شمر نے کہا کہ بلنکن عالمی سطح پر امریکہ کے قومی سلامتی کے استحقاق کی بحالی اور سفارتی تعلقات کو بہتر بنانے کا صحیح انتخاب تھا۔
واضح ہو کہ صدر براک اوباما کے دور میں سن 2015 سے لے کر 2017 تک انٹونی بلنکن نے نائب سکریٹری خارجہ کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دی ہیں۔
مختلف میڈیا ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں سماعت کے دوران بلنکن نے بھارت کے ساتھ مضبوط تعلقات کی حمایت کی اور کہا کہ بھارت امریکہ تعلقات کو دو طرفہ حمایت حاصل ہے۔