جنوبی امریکہ کے ساحل پر آباد چھوٹے سے ملک پیرو میں قبل از وقت پیدا ہونے والا ایک بچہ کورونا وائرس سے متاثر پایا گیا، لیکن خاص بات یہ ہے کہ یہ بچہ فی الحال کورونا سے مکمل طور پر صحتیاب ہو چکا ہے۔
دارالحکومت لیما کے ایڈگارڈو ریباگلیاٹی اسپتال میں نوزائیدہ کو 30 دنوں تک آئی سی یو میں رکھا گیا تھا۔ بالآخر صحتیابی کے بعد بچے کی ماں کو اس سے ملنے کی اجازت دے دی گئی۔
نومولود بچے کی ماں لیسی یایا مارکویز نے بتایا کہ 'یہ ایک بہت مشکل اور پیچیدہ مہینہ رہا ہے، لیکن اب بھی ہم اسی مرحلے میں ہیں۔ اور جلد ہی ہم اس میں کامیابی حاصل کر لیں گے'۔
خیال رہے کہ عموما بچوں کی پیدائش 40 ہفتوں میں ہوتی ہے، لیکن اس بچے کی پیدائش 23 ہی ہفتے میں ہو گئی تھی۔ پیدائش کے وقت بچے کا وزن محض 542 گرام تھا۔ اس کی پیدائش کو ایک ماہ ہو چکا ہے۔ وقت سے پہلے پیدا ہونے والا یہ اب تک کا سب سے چھوٹا بچہ ہے، جو کورونا سے متاثر ہوا ہے۔