میکسیکو میں جولائی کے آخری ہفتے کے دوران کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں کمی آئی ہے، لیکن ہلاکتوں کے معاملے میں یہ ملک دنیا میں چوتھے نمبر پر ہے۔
یہاں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے ممکنہ اثرات کے خدشات بڑھتے ہی جارہے ہیں اور ہر روز کئی سو نئی ہلاکتیں درج کی جا رہی ہیں۔ لوگ اپنے عزیزوں کو مسلسل دفناتے نظر آ رہے ہیں۔
تقریبا 13 کروڑ آبادی والے ملک میں ہفتے کے روز تک کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 75 ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔
دنیا بھر میں سے سب سے زیادہ ہلاکتیں امریکہ میں ہوئی ہیں، دوسرے نمبر پر برازیل، تیسرے پر بھارت اور چھوتھے نمبر پر میکسیکو ہے۔
حکومت کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں مجموعی طور پر کورونا متاثرین کی تعداد 7 لاکھ 20 ہزار سے زائد ہے۔ یہاں ٹیسٹ کی شرح انتہائی کم ہے، اس لیے کہا جاتا ہے کہ انفکشن کی اصل تعداد کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔