اسرائیل کے وزیر خارجہ یائر لاپیڈ نے بحرین کے بادشاہ حماد بن عیسیٰ الخلیفہ کی جانب سے جمعرات کے روز ان کا گرم جوشی سے استقبال کیے جانے پر شکریہ ادا کیا۔
اسرائیل کے وزیر خارجہ یائر لاپیڈ خلیجی ریاست کے تاریخی دورے پر ہیں۔ جہاں انھوں نے اپنے سفارت خانے کا افتتاح کیا۔
یائر لاپیڈ نے جمعرات کو بحرین کے ولی عہد شہزادہ سلمان بن حماد الخلیفہ سے بھی دارالحکومت منامہ میں ان کے محل میں ملاقات کی۔
دراصل اسرائیل کے وزیر خارجہ یائر لاپیڈ کی آمد گزشتہ سال سفارتی تعلقات قائم کرنے کے معاہدے پر دستخط کے بعد سے کسی اعلیٰ اسرائیلی عہدیدار کا بحریں کا پہلا اعلیٰ سطح کا دورہ تھا۔
اسرائیلی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ "بادشاہ کی قیادت اور حوصلہ افزائی نے حقیقی تعاون کو جنم دیا اور ملاقات نے تعلقات کو جاری رکھنے کی راہ ہموار کی۔"
یائر لاپیڈ نے اس سے قبل اپنے بحرین کے ہم منصب سے ملاقات اور اسرائیل کے سفارت خانے کے افتتاح کے لیے بحرین کے دارالحکومت منامہ پہنچے تھے۔
اسرائیل نے گزشتہ سال چار عرب ریاستوں کے ساتھ باضابطہ سفارتی تعلقات قائم کیے تھے جو کہ امریکہ کے ساتھ ’’ابراہیم معاہدوں ‘‘ کے ایک حصے کے طور پر تھا۔
یائر لاپیڈ پہلے ہی متحدہ عرب امارات اور مراکش کا دورہ کر چکے ہیں اور جون میں اسرائیل کے وزیر خارجہ بننے کے بعد سے وہاں اسرائیل کے سفارتی دفاتر بھی کھول چکے ہیں۔