عالمی وبا کورونا وائرس (کووڈ۔19) سے شدید دوچار لاطینی امریکی ملک برازیل میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا کے 53،139 نئے کیسز سامنے آنے کے ساتھ ہی متاثرین کی تعداد 29 لاکھ سے بڑھ کر 29،12،212 ہو گئی ہے ۔
برازیل کی وزارت صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک ایک ہی دن میں کورونا سے 1237 افراد کی ہلاکت کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد 98،000 سے بڑھ کر 98،493 ہوگئی ہے۔
ایک روز قبل برازیل میں کورونا کے 57،152 نئے کیسز سامنے آئے تھے، جبکہ 1437 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سینٹر برائے سائنس اور انجینئرنگ (سی ایس ایس ای) کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق کورونا کیسز کے معاملے میں برازیل (29.12 لاکھ) پہلے سے ہی امریکہ (48.76 لاکھ) کے بعد دوسرے مقام پر ہے ۔
کورونا کے باعث ہوئی ہلاکتوں کی فہرست میں برازیل امریکہ کے بعد دوسرے مقام پر ہے۔
برازیل کے صدر جیر بولسونارو کورونا وائرس کو مسلسل عام فلو قرار دیتے رہے ہیں جس کی وجہ انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ مسٹر بولسونارو خود بھی کورونا سے متاثر ہونے کے بعد صحت یاب ہوگئے ہیں ۔ واضح رہے کہ برازیل میں کورونا انفیکشن کا پہلا کیس 26 فروری کو سامنے آیا تھا۔