عالمی ادارہ صحت کی فنڈنگ روکنے کے معاملے میں امریکی کانگریس کی ایک کمیٹی نے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے فیصلے کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔
امریکہ کے خارجہ امور کی کانگریس کمیٹی کے صدر ایلیئٹ اینجل نے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپيو کو ایک خط لکھ کر ٹرمپ انتظامیہ کے اس فیصلہ کو سیاسی انتشار قرار دیا ہے اور ساتھ ہی وزارت خارجہ سے اس فیصلے کے سلسلے میں ضروری معلومات اور دستاویزات چار مئی تک کمیٹی کے سامنے پیش کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اینجل نے پیر کو اپنے خط میں لکھا کہ عالمی وبا كووڈ -19 کے بحران کے درمیان صدر ٹرمپ کا ڈبلیو ایچ او کی فنڈنگ روکنے کا فیصلہ انتقام کی کارروائی جیسا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کی زندگی خطرے میں پڑ گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ ڈبلیو ایچ او کی کچھ غلطیاں رہی ہیں، لیکن اس تنظیم نے كووڈ -19کے حوالہ سے دنیا کے مختلف ممالک کی حکومتوں کے درمیان تال میل قائم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور بر وقت كووڈ -19 کے وبا کو عالمی وبا قراردیاتھا۔
امریکی کانگریس کے سینئررکن نے کہا کہ ڈبلیو ایچ او نے کورونا وائرس کے پھیلنے کی رفتار کم کرنے اور اس وبا کے اثرات کو کم کرنے کی سمت میں بہترین کوششیں کی ہیں۔
كووڈ -19 کے انفیکشن کو پھیلنے سے روکنے کے بجائے ڈبلیو ایچ او پر الزام لگا کر اس کی فنڈنگ روکنے سے موجودہ حالات اور خراب ہو جائیں گے۔