برازیل کے وزیر صحت ایڈورڈو پازیلو کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور وہ اپنی رہائش گاہ پرآئیسولیشن میں ہیں۔ مقامی میڈیا نے اس کی تصدیق کی ہے۔
مسٹر پازیلو (57) کو ستمبر میں وزیر صحت بنایا گیا تھا۔ اس سے قبل حکومت کے سکریٹری لوئس ایڈارڈو راموس بھی اس وبا کی زد میں آٓئے تھے لیکن انہوں نے رواں ہفتے بتایا تھا کہ وہ اب صحت یاب ہوچکے ہیں۔
اس سے قبل برازیل کی کابینہ کے متعدد ارکان بھی کورونا کی زد میں آ چکے ہیں۔
برازیل میں کورونا وائرس سے پچھلے 24 گھنٹے میں 566 مریضوں کی موت کے ساتھ ہی یہاں اس سے مرنے والوں کی تعداد 155403 ہوگئ ہے۔
وزارت صحت کے مطابق اس دوران 24818 ٹیسٹ کئے گئے اور اب تک کل 5298772 ٹیسٹ کئے جاچکے ہیں۔ برازیل میں گزشتہ 26 فروری کو کورونا کا پہلا معاملہ سامنے آیا تھا۔
کورونا سے موت کے معاملے میں برازیل امریکہ کے بعد دوسرے مقام پر ہے جبکہ متاثرین کے معاملے میں امریکہ اور بھارت کے بعد برازیل تیسرے مقام پر ہے۔ برازیل کے ساؤ پائلو میں اس کا سب سے زیادہ اثر ہے جہاں کورونا کے 1073261 معاملے سامنے آئے ہیں اور 38371 اموات ہوئی ہیں۔