عالمی سطح پر کورونا وائرس سے متاثرین اور ہلاکتوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ تادم تحریر عالمی سطح پر کورونا متاثرین کی تعداد 46 لاکھ 28 ہزار 393 تک پہنچ چکی ہے۔
متاثرین میں سے 3 لاکھ 8 ہزار 645 افراد ہلاک ہوئے ہیں، جبکہ 17 لاکھ 58 ہزار 39 افراد مکمل طور پر صحتیاب ہوئے ہیں۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران روس میں 10 ہزار 598 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ اس طرح یہاں متاثرین کی مجموعی تعداد بڑھ کر 2 لاکھ 62 ہزار 843 تک پہنچ گئی ہے۔
ملک کے کورونا وائرس رسپانس سینٹر نے جمعہ کے روز بتایا کہ کورونا متاثرین معاملے میں روس عالمی سطح پر تیسرے نمبر پر ہے۔ یہاں مزید 113 ہلاکتوں کے ساتھ مرنے والوں کی مجموعی تعداد 2 ہزار 418 ہو چکی ہے۔ اس دوران 58 ہزار 226 افراد مکمل طور پر صحتیاب ہوئے ہیں۔
روس کے دارالحکومت ماسکو میں سب سے زیادہ افراد متاثر اور ہلاک ہوئے ہیں۔ یہاں گذشتہ 24 گھنٹوں میں 4 ہزار 748 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ اس طرح یہاں متاثرین کی مجموعی تعداد 1 لاکھ 35 ہزار 464 ہو گئی ہے۔
روس میں مجموعی طور پر اب تک 6 اعشاریہ 4 ملین افراد کا کورونا ٹیسٹ کیا جا چکا ہے۔
بھارت میں متاثرین کی مجموعی تعداد 85 ہزار 940 ہو چکی ہے۔ 2 ہزار 752 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ یہاں 30 ہزار سے زائد افراد مکمل طور پر صحتیاب ہوئے ہیں۔
فی الحال دنیا بھر میں کورونا کے سب سے زیادہ مریض امریکہ میں ہیں۔ یہاں متاثرین کی تعداد 14 لاکھ 84 ہزار 285 ہو چکی ہے۔ ان میں سے 88 ہزار 507 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ اس نئے کورونا وائرس کے سبب مریض کو بخار، کھانسی جیسی معمولی علامتیں ظاہر ہوتی ہیں، تاہم بڑی عمر اور بیمار افراد کے لیے ہلاکت کا شدید خطرہ ہے۔