امریکہ میں کورونا وائرس وبا نے تشویشناک شکل اختیار کرلی ہے اور اب تک 26 لاکھ سے زائد افراد اس انفیکشن سے متاثر ہوچکے ہیں۔
جان ہاپکنس یونیورسٹی کے سائنس اینڈ انجینئرنگ سینٹر (سی ایس ایس ای) کے جاری کردہ تازہ ترین اعداد وشمار کے مطابق امریکہ میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرکے ایک لاکھ 27 ہزار 322 ہو گئی ہے جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 26 لاکھ سے بڑھ کر 26،29،372 ہوگئی ہے۔
امریکہ میں سات لاکھ سے زائد مریض اس انفیکشن سے پوری طرح سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔ امریکہ میں نیو یارک اور نیو جرسی کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہیں۔
صرف نیو یارک میں ہی کورونا انفیکشن کے پانچ لاکھ سے زائد معاملات کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ 32 ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ نیو جرسی میں اب تک کورونا کے ایک لاکھ سے زیادہ کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ 15000 سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
اس کے علاوہ میساچوسیٹس، مشی گن، الینوئس، کیلیفورنیا اور پنسلوانیا جیسی ریاستوں میں بھی یہ وبا تیزی سے پھیل رہی ہے۔ ان سبھی ریاستوں میں کورونا انفیکشن سے چھ ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔