امریکہ کے نیویارک میں کورونا وائرس کے کیسز میں ایک بار پھر اضافہ سے بار ریسٹورنٹس اور جمز کے کھولنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے اور صرف 10 افراد کسی بھی تقریب میں شرکت کرسکتے ہیں۔
نیویارک کے گورنر اینڈریو کوآمو نے یہ اطلاع دی۔ انہوں نے ٹویٹ کیا کہ ’’ کورونا کیسز کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے یہ فیصلہ لیا گیا ہے۔ لائسنس یافتہ شراب کی دکانوں سمیت ریاست کے بازاروں اور ریسٹورنٹس کو رات کے دس بجے کے بعد بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ جم بھی دس بجے کے بعد بند رہیں گے۔ ریاست میں یہ پابندیاں جمعہ کی رات 10 بجے سے نافذ ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ پورے امریکہ میں کورونا کی صورتحال دن بدن خراب ہوتی جارہی ہے۔ ہم جانتے ہیں کہ کورونا کے پھیلاؤ کی سب سے بڑی وجہ انڈور تقریبات اور پارٹیوں کا اہتمام کرنا ہے۔ اسی لئے ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ صرف 10 افرادہی ایسی تقریبات اور پارٹیوں میں شرکت کرسکیں گے۔ نیویارک میں بدھ کے روز کورونا کے 5000 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
واضح ہو کہ کورونا وائرس کے معاملے میں امریکہ سر فہرست ہے جبکہ اس کے بعد بھارت اور برازیل میں کورونا مثبت معاملے سامنے آئے ہیں۔