کووڈ 19 کے حوالے سے ایک پریشان اطلاع برازیل سے یہ مل رہی ہے کہ یہاں لوگوں کو ایک ہی وقت میں کورونا وائرس کی دو اقسام لاحق ہونے لگی ہیں۔
برازیل میں اب تک ایسے 2 مریض سامنے آچکے ہیں جو ایک ہی وقت میں کورونا وائرس کی دو اقسام کا شکار ہو کر ہسپتال پہنچے۔ ان مریضوں سے متعلق پریشان کن انکشاف فیویل یونیورسٹی کے ماہرین نے کیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ برازیل کی مختلف ریاستوں میں کورونا وائرس کی مختلف اقسام پھیلی ہوئی ہیں۔ ان میں سے دو اقسام کو ’پی 1‘ اور ’پی 2‘ کا نام دیا گیا ہے۔
ان مذکورہ دو مریضوں میں یہ دونوں اقسام بیک وقت پائی گئی ہیں۔ ان دونوں مریضوں کا تعلق برازیل کے شہر ریو گرانڈیڈو سول سے ہے۔ 'پی 1' کورونا وائرس کی وہ قسم ہے جس پر پوری دنیا میں تشویش پائی جا رہی ہے کیونکہ یہ قسم کورونا وائرس کی تیار ہونے والی ویکسین کے خلاف بھی مزاحمت رکھتی ہے۔
یہ قسم زیادہ تر جنوبی امریکہ کے ممالک میں پائی جا رہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ برطانیہ سمیت کئی ممالک نے جنوبی امریکہ کے ممالک کے ساتھ فضائی رابطہ منقطع کر رکھا ہے۔
یو این آئی