نو منتخب امریکی صدر جو بائیڈن نے عالمی وبا کورونا وائرس (کووڈ۔19) سے نمٹنے کے لئے امریکہ میں قومی لاک ڈاؤن کے امکان کو مسترد کر دیا ہے۔
ولیمنگٹن میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بائیڈن نے کہا کہ 'جب میں عہدۂ صدارت سنبھالوں گا تو کسی بھی طرح کا قومی لاک ڈاؤن نہیں ہوگا'۔
قومی لاک ڈاؤن کو مسترد کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے انھوں نے کہا کہ 'ہر خطہ، ہر علاقہ اور ہر طبقہ ایک دوسرے سے مختلف ہوسکتا ہے، لیکن سب ہی اپنے اپنے انداز میں کورونا سے بچنے کے لیے احتیاطی اقدامات کر ہی رہے ہیں، اس لیے قومی لاک ڈاؤن کا کوئی جواز ہی نہیں ہے'۔
- کورونا وائرس ٹاسک فورس کا رد عمل:
بائڈن کو ان سوالات کا سامنا کرنا پڑا ہے کہ آیا وہ وائرس پر لگام ڈالنے کی کوشش کرنے کے لئے ملک گیر بند کا اعلان کریں گے۔ ان کی کورونا وائرس ٹاسک فورس کے ایک رکن نے بھی ایک انٹرویو میں اس امکان کو مسترد کردیا۔
مزید پڑھیں: بائیڈن نے اسپیکر کی نامزدگی پر پیلوسی کو مبارکباد پیش کی
بائیڈن اور کورونا وائرس ٹاسک فورس کے دیگر اراکین نے کہا ہے کہ 'یہ تجویز زیر غور نہیں ہے اور یہ کورونا وبائی بیماری سے نمٹنے کے لئے بہترین آپشن نہیں ہے'۔
- 'ناقابل یقین غیر ذمہ داری'
صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے انتخاب میں ناکامی کو تسلیم کرنے سے انکار کے بارے میں وسیع پیمانے پر اب بھی تشویش باقی ہے، اسی ضمن میں بائیڈن نے کہا کہ 'ان کی وجہ سے امریکی ناقابل یقین غیر ذمہ داری کا مشاہدہ کر رہے ہیں'۔