جنوبی امریکی ملک برازیل میں حکام نے بتایا کہ منشیات مخالف پولیس نے جمعرات کے روز ریو ڈی جنیرو میں ایک کچی آبادی پر چھاپہ مارا جس دوران فائرنگ کے تبادلہ میں ایک پولیس افسر سمیت دو درجن افراد ہلاک ہوگئے۔
سول پولیس کے پریس آفس نے پولیس اہلکار اور 24 مبینہ "مجرموں" کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
ایک خاتون نے ایسوسی ایٹ پریس کو بتایا کہ 'پولیس نے ایک بری طرح سے زخمی شخص کو قتل کیا جو بے بس اور غیر مسلح تھا۔'
ریو کی سول پولیس میں ایک جاسوس، فلپ کوری نے کہا کہ کہ وہاں کوئی عام شہری ہلاک نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا 'کوئی مشتبہ لوگ ہلاک نہیں ہوئے۔ وہ تمام اسمگلر یا مجرم تھے جنہوں نے ہمارے پولیس افسران کی جان لینے کی کوشش کی۔'
جاسوس کے مطابق، پولیس کو مجرموں کے ذریعہ تعمیر کردہ ٹھوس رکاوٹوں کی وجہ سے جیکریزینو فاویلا (علاقہ کا نام) میں داخل ہونے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
پولیس نے 16 پستول، چھ رائفلیں، ایک سب مشین گن، 12 دستی بم اور ایک شاٹ گن بھی قبضے میں لے لیا۔
برازیل کی معروف مجرمانہ تنظیموں میں سے ایک کمانڈو ورمیلہو کا اس علاقہ میں غلبہ ہے۔ یہاں کی آبادی تقریباً 40،000 ہے۔
پولیس نے ایک بیان میں کہا ، جمعرات کے اس آپریشن کا مقصد ٹرینوں کو ہائی جیک کرنے اور دیگر جرائم کے لئے نوجوانوں کی بھرتی کی تحقیقات کرنا تھا۔
ہیومن رائٹس واچ برازیل نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سرکاری وکیل کو پولیس کی ممکنہ زیادتیوں کی فوری تحقیقات کرنی چاہیں۔