نو منتخب امریکی نائب صدر کملا ہیرس نے اپنے پہلے خطاب میں کہا ہے کہ 'امریکی عوام نے امید اور شائستگی کا انتخاب کیا ہے۔ امریکیوں نے ایک نئے دن کی شروعات کی ہے'۔
کملا ہیرس پہلی خاتون، پہلی سیاہ فام امریکی اور امریکہ میں دوسرے اعلی عہدے پر کامیابی حاصل کرنے والی پہلی ایشیائی امریکی بن گئیں۔
ہفتے کی شب کملا ہیرس نے بطور نائب صدر منتخب ہونے کے بعد پہلے خطاب میں ریاستہائے متحدہ امریکہ کے عوام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ امریکیوں نے ملک کے لئے نئے دن کا آغاز کیا ہے۔
'امریکی عوام کا شکریہ جو ہمارے خوبصورت ملک کی تشکیل کرتے ہیں، ریکارڈ تعداد میں ووٹنگ کے لیے آپ سبھی کا شکریہ!'
انہوں نے مزید کہا 'آپ نے ایک واضح پیغام دیا۔ آپ نے امید اتحاد، شائستگی اور سچائی کا انتخاب کیا ہے۔ آپ نے جو بائیڈن کو ریاستہائے متحدہ امریکہ کا اگلا صدر منتخب کیا'۔
ہیرس نے مزید کہا 'اور جب اس انتخابات میں ہماری جمہوریت بیلٹ پر تھی، امریکہ کی جان داؤ پر تھی اور پوری دنیا کی نگاہ ہم پر تھی، تو آپ نے امریکہ کے لئے ایک نئے دن کا آغاز کیا'۔
کملا ہیرس نے جیت کے بعد ولمنگٹن میں خطاب کرتے ہوئے کہنا کہ 'ریکارڈ تعداد میں ووٹ ڈال کر امریکی عوام نے پوری آزادی کے ساتھ اپنے خیالات سے آگاہ کردیا'۔
انہوں نے کہا کہ 'جمہوریت کے لیے قربانی دی جاتی ہے مگر اسی میں مزہ ہے، جمہوری عمل میں مزید لوگوں کو شامل کرنے پر ٹیم کی شکر گزار ہوں'۔
نائب صدر نے کہا کہ 'جمہوریت کے تحفظ کی کوششیں قربانیاں مانگتی ہیں، الیکشن میں ڈالے گئے ہر ووٹ کو شمار کیا گیا'۔
انہوں نے کہا کہ 'خواتین کا شکریہ جنہوں نے موجودہ نسل کے لیے راہ ہموار کی'۔
کملا ہیرس نے اس دوران اپنے عزیر و اقارب کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ 'میری والدہ جب بھارت سے امریکہ آئی تھیں تو وہ اور میں اس لمحے کے بارے میں نہیں سوچا تھا، لیکن مسلسل محنت کے بعد آج میں اس مقام پر پہنچ گئی ہوں'۔
انھوں نے یہ بھی کہا ہے کہ 'میں پہلی نائب صدر تو ہوسکتی ہوں مگر آخری نہیں'۔
انہوں نے مزید کہا کہ 'ہم نے ایک ایسا صدر منتخب کیا ہے جو تمام امریکیوں کا صدر ہے، یہ میرے لیے اعزاز ہے کہ میں نو منتخب صدر جو بائیڈن کو دعوت دوں'۔
واضح رہے کہ 56 سالہ کملا ہیرس امریکہ کی پہلی خاتون نائب صدر منتخب ہوگئیں، وہ امریکہ کی پہلی سیاہ فام نائب صدر بھی ہوں گی۔
- کملا ہیرس کا خاندانی پس منظر:
کملا ہیرس کے والد کا تعلق جمائیکا سے اور والدہ کا تعلق بھارتی ریاست تامل ناڈو سے ہے، کملا کی ماں شیاملا گوپالن سائنس دان ہیں اور والد ڈونلڈ ہیرس معاشیات کے پروفیسر ہیں۔
ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار نے قریب سے مقابلہ ہونے والے انتخابات میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو شکست دی اور وہ امریکہ کے 46 ویں صدر ہوں گے۔ وہ امریکہ کی تاریخ کے سب سے بزرگ ترین شخص منتخب صدر ہیں۔