مغربی افریقی ملک نائیجیریا میں آئے دن جنگجوؤں اور نامعلوم مسلح ڈاکوؤں کی جانب سے حملے ہوتے رہتے ہیں۔ تازہ حملے میں مسلح ڈاکوؤں نے 36 افراد کو ہلاک کردیا ہے۔
عہدیداروں اور مقامی لوگوں نے بتایا کہ شمالی نائیجیریا میں مسلح افراد نے دو حملے میں 36 افراد کو ہلاک کر دیا ہے۔ عوام کو پریشان کرنے اور امن و امان کو بگاڑنے کے لیے جنگجوؤں نے راکٹ سے بم بھی داغے۔
حملہ آوروں نے گاؤں والوں کو بے گھر کرتے ہوئے ان کے مکانات کو بھی جلا دیا۔
ڈیلی پوسٹ ویب سائٹ کے حوالے سے ایک بیان میں کڈونا اسٹیٹ کمشنر برائے داخلی سلامتی اور داخلی امور سیموئل ارووان نے کہا کہ 'اس ریاست میں ہونے والے حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز کے ایک فضائی کارروائی کے نتیجے میں متعدد مسلح ڈاکو بھی ہلاک ہوئے ہیں'۔
یہ بھی پڑھیں: نائیجیریا میں اغوا شدہ 53 مسافروں کو رہا کرایا گیا
گذشتہ چند دنوں میں شمالی نائیجیریا میں مسلح افراد نے سینکڑوں افراد کو اغوا کرکے ہلاک کر دیا ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ ہفتہ نائیجیریا کے شمالی وسطی نائجر ریاست میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک بورڈنگ اسکول میں حملہ کرکے ایک طالب علم کو ہلاک کردیا تھا اور 27 طلباء سمیت 42 افراد کو اغوا کرلیا تھا۔
اس سے قبل نائیجیریا میں گذشتہ ہفتے کچھ مسلح افراد نے نائجر ریاست کے کنڈو گاؤں میں ایک سرکاری بس پر حملہ کر کے 20 خواتین اور نو بچوں سمیت 53 مسافروں کو اغوا کرلیا تھا جنہیں مسلسل بات چیت اور سخت محنت کے بعد رہا کرایا گیا تھا۔
خیال رہے کہ نائیجیریا میں بوکو حرام شدت پسند تنظیم کی جانب سے اس طرح کے واقعات انجام دیے جاتے ہیں۔
گذشتہ برس دسمبر میں نائیجیریا کے شمالی صوبے کاتسینا میں شدت پسند تنظیم بوکو حرام نے اسکول میں داخل ہوکر تقریباً 400 سے زائد بچوں کا اغواء کرلیا تھا۔
سنہ 2014 میں بوکو حرام تقریبا تین سو طالبات کا اغوا کیا تھا۔