نئی دہلی: بالی ووڈ کے معروف اداکار ستیش کوشک کی موت کے حوالے سے ایک خاتون نے دہلی پولیس کو شکایت کی ہے، جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس کے شوہر نے 15 کروڑ روپے کے تنازع پر ستیش کوشک کا قتل کیا ہے۔ خاتون نے دعویٰ کیا کہ جس فارم ہاؤس پر پارٹی ہوئی تھی وہ اس کے مالک وکاس مالو کی بیوی سانوی مالو ہے۔
وکاس مالو کا ستیش کوشک کے ساتھ 15 کروڑ روپے کو لے کر کافی دنوں سے تنازع چل رہا تھا۔ خاتون کی جانب سے دی گئی شکایت میں کہا گیا ہے کہ ستیش کوشک وکاس مالو پر 15 کروڑ روپے واپس کرنے کے لیے دباؤ ڈال رہے تھے، لیکن میرے شوہر کے پاس انہیں واپس کرنے کے لیے پیسے نہیں تھے۔ اس بات پر دونوں کے درمیان جھگڑا بھی ہوا تھا۔ تاہم دوسری جانب سنیچر کی رات دہلی پولیس نے ستیش کوشک کی موت کے حوالے سے قتل کا کوئی امکان ظاہر نہیں کیا ہے جس کی وجہ سے ان کی موت واقع ہوئی ہو۔
وہیں خاتون کا دعویٰ ہے کہ ستیش کوشک گزشتہ سال پیسوں کے لیے دبئی گئے تھے۔ وکاس مالو اور سانوی مالو اس وقت دبئی میں تھے۔ وکاس مالو کی بیوی کا دعویٰ ہے کہ اس دوران جب دونوں میں جھگڑا ہو رہا تھا تو اس نے ڈائینگ روم میں دونوں کی بات سنی تھی۔ اس معاملے میں کتنی سچائی ہے یہ کہنا مشکل ہے۔ پولیس خاتون سے پوچھ گچھ کر سکتی ہے۔ واضح رہے کہ ساوتھ ویسٹ ضلع کے ایڈیشنل ڈی جی پی راجیو کمار نے ہفتہ کی رات کو واضح کیا تھا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں کسی قسم کا کوئی فلو فالس نہیں آیا ہے۔ نہ ہی خاندان کی جانب سے کوئی شکوک و شبہات کا اظہار کیا گیا ہے۔ پولیس ستیش کوشک کے اہل خانہ سے رابطے میں ہے۔