آٹھ جولائی 1958 کو پیدا ہونے والی نیتو سنگھ کو رقص میں کافی دلچسپی تھی۔ ان کی دلچسپی کو دیکھتے ہوئے ان کی ماں راجی سنگھ نے انہیں مشہور اداکارہ وجینتی مالا کے رقص اسکول میں رقص سیکھنے کی اجازت دے دی۔ رقص سیکھنے کے دوران وجینتی مالا ان کے رقص کے انداز سے بہت متاثر ہوئیں اور انہوں نے نیتو کو اپنی فلم ’سورج‘ میں چائلڈ آرٹسٹ کے طور پر کام کرنے کی پیشکش کی،جسے انہوں نے بخوشی قبول کر لیا۔
ساٹھ کی دہائی میں نیتو سنگھ نے کئی فلموں میں چائلڈ اسٹار کے طور پر کام کیاجن میں دس لاکھ، دو دونی چار، وارث ، گھر گھر کی کہانی ، پوتر پاپی اور 1968 میں آئی فلم ’دو کلیاں‘قابل ذکر ہیں ۔ دو کلیاں میں نیتو نے دوہرے کردار ادا کی تھی۔جسے شائقین نے کافی پسند کیا۔ فلم میں ان پر فلمایا گایا نغمہ ’بچے من کے سچے ‘ناظرین اور سامعین کے درمیان آج بھی کافی مقبول ہے۔اس کے علاوہ نیتو سنگھ نے مکمل اداکارہ کے طور پر اپنے فلمی کیریئر کا آغاز سال 1973 کی فلم ’ركشاوالا‘ سے کیا۔ اس فلم میں ان کے ہیرو کے طور پر رندھیر کپور تھے۔ کمزورا سکرپٹ اور ہدایت کاری کی وجہ سے فلم باکس آفس پر ناکام ثابت ہوئی۔
نیتو سنگھ کو ابتدائی کامیابی دلانے میں ناصر حسین کی 1973 میں آئی فلم ’’یادوں کی بارات‘‘ کا اہم کردار ہے۔ اس فلم میں انہیں ایک چھوٹا سا کردار ادا کرنے کا موقع ملا۔ فلم میں ان پر فلمایا نغمہ’’ لےكر ہم دیوانہ دل‘‘ ان دنوں سامعین کے درمیان کافی مقبول ہوا تھا۔ آج بھی یہ گیت سامعین کو محظوظ کر دیتا ہے۔
’يادو کی بارات ‘کی کامیابی کے باوجود نیتو سنگھ فلم انڈسٹری میں تقریباً دو سال تک ممبئی میں جدوجہد کرتی رہیں۔ یقین دہانی تو سبھی کراتے لیکن انہیں اچھی فلموں میں کام کرنے کا موقع کوئی نہیں دیتا تھا۔ اس دوران نیتو سنگھ نے شطرنج کے مہرے، آشیانہ اور ہوس جیسی بی اور سی گریڈ کی فلموں میں اداکاری کی لیکن ان فلموں سے انہیں کوئی خاص فائدہ حاصل نہیں ہوا۔
سال 1975 میں آئی فلم ’’کھیل کھیل میں‘‘نیتو سنگھ کے فلمی کیریئر کی پہلی سپر ہٹ فلم ثابت ہوئی۔ اس فلم میں ان کے ہیرو کی طور پر رشی کپور تھے۔ نوجوان محبت کی کہانی پر مبنی اس فلم کو ناظرین نے کافی پسند کیا۔ فلم کی کامیابی کے ساتھ ہی نیتو سنگھ اداکارہ کے طور پر فلم انڈسٹری میں شناخت بنانے میں کامیاب ہو گئیں۔
سال 1975 میں ہی نیتو سنگھ کو دیوار اور رفوچكر جیسی سپر ہٹ فلموں میں بھی کام کرنے کا موقع ملا۔ فلم دیوار امیتابھ بچن اور ششی کپور پر مبنی تھی جبکہ فلم رفوچکر میں انہیں ایک بار پھر رشی کپور کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔ یہ فلم بھی باکس آفس پر سپر ہٹ ثابت ہوئی۔
اسّی کی دہائی میں نیتو سنگھ فلم انڈسٹری کی چوٹی کی اداکاراؤں میں شمار کی جاتی تھی۔ اس دوران انہیں کئی فلموں میں کام کرنے کے لیے بہت سے آفر ملے لیکن انہوں نے ان تمام پیشکشوں کو ٹھکرا دیا اور اداکار رشی کپور سے شادی کر کے فلم انڈسٹری کو الوداع کہہ دیا۔
سال 1982 میں آئی فلم تیسری آنکھ اداکارہ کے طور پر نیتو سنگھ کی آخری فلم ثابت ہوئی۔ نیتو سنگھ نے کئی فلموں میں اپنی بااثر اداکاری سے ناظرین کے دل جیتے لیکن بدقسمتی سے وہ کسی بھی فلم کے لئے بہترین اداکارہ کے فلم فیئر ایوارڈ سے نوازی نہیں گئیں۔ اگرچہ 1979 میں آئی فلم ’کالاپتھر‘ کے لیے انہیں بہترین معاون اداکارہ کے فلم فیئر ایوارڈ کے لیے نامزد ضرور کیا گیا۔ نیتو سنگھ نے اپنے دو دہائی طویل فلمی کیریئر میں تقریبا 60 فلموں میں کام کیا۔
مزید پڑھیں:First DJ Artist of Kashmir کشمیر کے پہلے ڈی جے آرٹسٹ زید مدثر سے ملیے
سال 2009 میں ریلیز ہونے والی فلم ’لو آج کل‘ سے نیتو نے فلموں میں اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا۔ اس کے بعد جب تک ہے جان کے علاوہ ’دو دونی چار‘ میں نیتو نے اپنے شوہر رشی کپوراور ’بے شرم‘ میں رشی اور بیٹے رنبیر کپور کے ساتھ کام کیا۔
نیتو سنگھ اچھی اداکارہ ہونے کے ساتھ ساتھ ایک اچھی ماں بھی ہیں، وہ رنویر کپور کو بہت سپورٹ کرتی ہیں۔ خود کو فٹ رکھنے کے لیے وہ باقاعدگی سے جم جاتی ہیں اور یوگا کرتی ہیں۔آج کل نیتو سنگھ پھر سے سلور اسکرین پر سرگرم ہوگئی ہیں۔ وہ کئی فلموں میں کام کررہی ہیں اور اکثر ٹی وی شو میں نظر آتی ہیں۔
یو این آئی۔ این یو۔