ممبئی: فلم فیڈریشن آف انڈیا نے بدھ کو اعلان کیا کہ ملیالم فلم '2018 اِیوری وَن اِز اے ہیرو' (2018 Everyone is a Hero) کو 2024 کے آسکر ایوارڈز کے لیے باضابطہ طور پر بھیجنے کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ '2018 اِیوری وَن اِز اے ہیرو' ایک ملیالم فلم ہے، یہ فلم ملیالم سنیما انڈسٹری کی 2023 کی سب سے بڑی بلاک باسٹر فلم ثابت ہوئی ہے۔ اس فلم نے دنیا بھر میں 200 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کیا جب کہ فلم کا بجٹ تقریباً 30 کروڑ روپے ہی بتایا جارہا ہے۔
وژنری جوڈ انتھونی جوزف کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ فلم زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی لچک کو ظاہر کرتی ہے جو خود کو آفت میں جھونکتے ہیں اور کس طرح اتحاد ان کی قوت بن جاتا ہے۔ دراصل یہ اس فلم کی کہانی 2018 میں کیرالہ میں آنے والے سیلاب سے متاثر ہے۔ اس سیلاب نے ریاست کی حالت بہت خراب کر دی تھی۔
فلم کے اداکار ٹووینو تھامس نے کہا کہ آسکر کے لیے اس فلم کا منتخب ہونا ہماری فلم کے لیے واقعی ایک ناقابل یقین پہچان ہے۔ یہ صرف ایک اداکار کے طور پر میرے لیے فخر کا لمحہ نہیں ہے، بلکہ اس پوری ٹیم کے لیے جس نے اس پروجیکٹ میں اپنا دل اور جان ڈالا۔ انھوں نے مزید کہا کہ فلم 2018 ہمارے وقت کی سب سے تباہ کن قدرتی آفات میں کیرالہ کے لوگوں کی لچک اور ناقابل تسخیر جذبے کا عکاس ہے۔ فلم کے ذریعے ہم سب کو یاد دلانا چاہتے ہیں کہ افراتفری اور تباہی کے درمیان، ہمیشہ امید کی کرن نظر آتی ہے۔ یہ نامزدگی ہماری اجتماعی کوششوں کا نتیجہ ہے اور مجھے امید ہے کہ یہ بین الاقوامی سامعین کو بھی پسند آئے گی۔
یہ بھی پڑھیں:
- Oscars 2023 بیسٹ ڈاکیومنٹری شارٹ فلم کا آسکر ایوارڈ بھارت کی 'دی ایلیفینٹ وِسپرز' کے نام
- Naatu Naatu win Oscar ناٹو ناٹو نے تاریخ رقم کی، پہلا بھارتی گانا جسے آسکر سے نوازا گیا
فلم فیڈریشن آف انڈیا کی آفیشل سیکشن کمیٹی کی 16 رکنی ٹیم نے مذکورہ فلم کو منتخب کرنے کے لیے 22 فلموں کی اسکریننگ کی۔ واضح رہے کہ '2018 اِیوری وَن اِز اے ہیرو' اس سال 5 مئی کو ریلیز ہوئی تھی جس میں ٹووینو تھامس، آصف علی، کنچاکو بوبن، لال، نارائن، ونیت سری نواسن، اپرنا بالمورالی، تنوی وغیرہ جیسے اداکاروں نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ 96 واں آسکر ایوارڈ 10 مارچ 2024 کو لاس اینجلس میں منعقد ہونے والا ہے۔