حیدرآباد: راکی اور رانی کی پریم کہانی اپنی ریلیز کے دوسرے ہفتے بھی سنیما گھروں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ انڈسٹری ٹریکر ساکنلک کے مطابق فلم نے منگل کے روز یر کے مقابلے اچھی کمائی کی ہے۔ فلم نے منگل کو 4.50 کروڑ روپے کی کمائی کی ہے۔ واضح رہے کہ فلم نے اپنے دوسرے پیر کو 4.30 کروڑ روپے کی کمائی کی تھی۔Rocky Aur Rani Kii Prem Kahaani box office
اس کے ساتھ بھارت میں فلم کے مجموعی کمائی 113.88 کروڑ روپے ہوگئی ہے۔ راکی اور رانی کی پریم کہانی نے باکس آفس پر عالیہ بھٹ کی جیت کے سلسلے کو برقرا رکھا ہے۔ اس فلم کے ذریعہ عالیہ بھٹ نے ایک بار پھر ثابت کردیا ہے کہ وہ بالی ووڈ کی آئندہ سپراسٹار میں سے ایک ہونے والی ہیں جبکہ رنویر سنگھ کے لیے یہ فلم ایک صبح کی تازی ہوا بن کر آئی ہے کیونکہ چند برسوں میں ریلیز ہوئی ان کی کئی فلموں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ عالیہ کی 2022 میں آئی تین فلمیں تھیٹروں میں کامیاب ثابت ہوئی تھیں۔ گنگوبائی کاٹھیاواڑی (129.10 کروڑ روپے)، آر آر آر (274.31 کروڑ روپے)، اور برہمسترا (257.44 کروڑ روپے)، ان سبھی نے باکس آفس پر اچھی کمائی کی۔
یہ فلم کرن جوہر کے لیے بھی ایک طرح کی خوشخبری بن کر آئی ہے، ان کی پچھلی ریلیز فلم اے دل ہے مشکل دیوالی پر ریلیز ہونے کے باوجود شائقین کو سنیما گھروں تک راغب کرنے میں ناکام رہی تھی۔ فلم نے اس وقت 112.48 کروڑ روپے کی کمائی کی تھی۔ راکی اور رانی کی پریم کہانی کا مقابلہ آئندہ ہفتہ سنی دیول کی فلم غدر 2 اور اکشے کمار کی فلم او ایم جی 2 سے ہونے والا ہے۔ واضح رہے کہ غدر 2، سال 2001 میں آئی کامیاب فلم غدر: ایک پریم کتھا کا سیکوئل ہے۔ اطلاع کے مطابق اب تک فلم کی ایڈوانس بکنگ میں تقریبا 1.3 لاکھ ٹکٹیں فروخت ہوچکی ہیں۔
رومانٹک کامیڈی راکی اور رانی کی پریم کہانی ایشیتا موئترا، ششانک کھیتان اور سمیت رائے نے لکھی ہے اور اس کی ہدایت کاری کرن جوہر نے کی ہے۔ فلم کو وائیکام 18 اسٹوڈیوز اور دھرما پروڈکشنز نے مل کر پروڈیوس کیا ہے۔ اس فیملی ڈرامے میں جیا بچن، شبانہ اعظمی اور دھرمیندر بھی نمایاں کردار میں ہیں۔ سیف علی خان کے بیٹے ابراہیم علی خان نے فلم کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے طور پر کام کیا۔
فلم کو روس، جموں و کشمیر، ممبئی اور نئی دہلی میں فلمایا گیا۔ اسے 28 جولائی کو دنیا بھر میں ریلیز کیا گیا۔