میرٹھ: سیما حیدر اور سچن کی محبت کی کہانی پر فلم بننے جارہی ہے۔ اس فلم کے پروڈیوسر اور ہدایت کار امیت جانی نے چند روز قبل اس بات کا اعلان کیا تھا۔ اب اس فلم کا پوسٹر بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ اس فلم کے لیے آڈیشن بھی لیے گئے ہیں۔ سیما حیدر کے کردار کے لیے اداکارہ کا انتخاب کرلیا گیا ہے جبکہ سچن کے کردار کے لیے آڈیشن جاری ہے۔Karachi to Noida's film Poster
فلم کے پروڈیوسر و ڈائریکٹر امیت جانی نے بتایا کہ جانی فائر فاکس فلم پروڈکشن کے ذریعہ فلم کا نام طئے کرلیا گیا ہے۔ اس فلم کا نام کراچی ٹو نوئیڈا ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ سچھ کے علاوہ بھارت سے پاکستان گئی انجو کی کہانی پر بھی فلم بنائی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ فلم کراچی ٹو نوئیڈا کا پوسٹر جاری کر دیا گیا ہے۔ یہ فیچر فلم اگلے سال سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ پروڈکشن ہاؤس کی جانب سے تین فلموں کے نام بک کیے گئے ہیں۔ پہلی فلم سیما حیدر اور دوسری فلم انجو پر بنائی جائے گی۔ وہیں تیسری ویب سیریز ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ پالگھر میں سنتوں کے قتل پر بھی فلم بنائی جائے گی۔ اس کا نام ماب لنچنگ ہوگا۔ اس کا اعلان جانی فائر فاکس فلم پروڈکشن نے کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پروڈکشن ہاؤس نے سیما حیدر کو مڈر مسٹری میں کام کرنے کا بھی موقع دیا ہے۔سیما حیدر اس فلم میں را ایجنٹ کا کردار ادا کریں گی۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی ٹو نوئیڈا کا تھیم سانگ اگلے ہفتے لانچ کیا جائے گا۔ امیت جانی نے مزید بتایا کہ انہیں فلم کے حوالے سے دھمکیاں بھی موصول ہوئی ہیں لیکن وہ اس سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔ فلم کراچی ٹو نوئیڈا کی اسٹار کاسٹ کے انتخاب کے لیے آڈیشن شروع ہو گئے ہیں۔ جہاں سیما کے کردار کے لیے اداکارہ کا انتخاب کرلیا گیا ہے وہیں سچن کے کردار کے لیے آڈیشن لیے جارہے ہیں۔ فلم کے اسٹار کاسٹ کو جلد میڈیا کے سامنے لایا جائے گا۔ وہیں انہوں نے یہ بھی بتایا کہ سیما حیدر جس فلم میں کام کرنے والی ہیں اس کی شوٹنگ اکتوبر تک مکمل کرلی جائے گی ۔ اس کے بعد فلم کی کراچی ٹو نوئیڈا کی شوٹنگ شروع ہوگی۔