سلمان خان کو دھمکی آمیز ای میل موصول ہونے کے بعد ممبئی پولیس مستعد ہوگئی ہے۔ پولیس نے سلمان کی سکیورٹی بڑھا دی ہے اور ساتھ ہی اداکار کے مداحوں پر پابندیاں عائد کردی ہیں۔ گینگسٹر لارنس بشنوئی اور اس کے ساتھی گولڈی برار کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے۔ پولیس اہلکار کے مطابق دو اسسٹنٹ پولیس انسپکٹر (API) رینک کے افسران اور 8 سے 10 کانسٹیبل چوبیس گھنٹے سلمان خان کی سکیورٹی کا حصہ ہوں گے۔ خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق سلمان کے مداحوں کو باندرہ میں گلیکسی اپارٹمنٹس میں واقع ان کی رہائش گاہ کے باہر جمع ہونے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ سال اس طرح کی دھمکی آمیز خط موصول ہونے کے بعد سلمان کو پولیس نے وائی پلس زمرہ کی سکیورٹی فراہم کی تھی اور اداکار اپنے ذاتی سکیورٹی گارڈ کے ساتھ بلٹ پروف کار میں ہی سفر کیا کرتے تھے۔ اب پولیس نے اداکار کی حفاظت کے لیے اضافی حفاظتی اقدامات کیے ہیں۔ ہفتہ کے روز باندرہ پولیس نے تین افراد لارنس، گولڈی اور روہت پر ایف آئی آر درج کی ہے سلمان کو مبینہ طور پر دھمکی آمیز ای میل بھیجنے کے الزام میں یہ ایف آئی آر پرشانت گنجالکر کی طرف سے درج کرائی گئی۔ پولیس کے مطابق پرشانت گنجالکر سلمان کے قریبی دوست ہیں اور ان کا اکثر سلمان کی باندرہ میں واقع رہائش گاہ پر آنا جانا ہے۔
شکایت کے مطابق جب پرشانت ہفتہ کی دوپہر سلمان کے دفتر میں موجود تھے، تب انہوں نے دیکھا کہ آئی ڈی 'روہت گرگ' کے نام سے ایک ای میل آئی ہے۔ ای میل میں کہا گیا ہے کہ' سلمان نے حال ہی میں لارنس کا ایک نیوز چینل کو دیا گیا انٹرویو ضرور دیکھا ہوگا، اور اگر نہیں دیکھا ہے تو اسے دیکھنا چاہیے۔ پرشانت کو مخاطب کرتے ہوئے ای میل میں کہا گیا کہ اگر سلمان اس معاملے کو بند کرنا چاہتے ہیں، تو انہیں گولڈی کے ساتھ مل کر آمنے سامنے بات کرنی چاہئے، ابھی بھی وقت ہے ورنہ اگلی بار جھٹکا دیکھنے کوملے گا'۔
تعزیرات ہند کے تحت دفعہ 120 بی (مجرمانہ سازش کی سزا)،506-II (مجرمانہ دھمکی کی سزا) اور 34 (مشترکہ نیت) کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ لارنس کا ایک انٹرویو حال ہی میں ایک نیوز چینل نے نشر کیا تھا۔ لارنس اس وقت پنجاب کی جیل میں بند ہے اور اس کا ساتھی گولڈی مشہور پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کا ملزم ہے۔ قابل ذکر ہے کہ جون 2022 میں ایک نامعلوم شخص نے خان کو ہاتھ سے لکھے ہوئے نوٹ کے ذریعے دھمکی دی تھی۔