ممبئی: بالی ووڈ کا نیا شادی شدہ جوڑا ریچا چڈھا اور علی فضل نے بطور پروڈیوسر اپنے پہلے پروجیکٹ 'گرلز ول بی گرلز' کا پروڈکشن شروع کردیا ہے۔ دونوں اداکار اپنے بینر پشنگ بٹنز اسٹوڈیوز کے ذریعے اس پروجیکٹ کو پروڈیوس کررہے ہیں۔ وہیں فلمساز شُچی تلاتی اس فلم سے ہدایتکاری کی دنیا میں قدم رکھنے والے ہیں۔ حال ہی میں اتراکھنڈ میں 'گرلز ول بی گرلز' کی شوٹنگ شروع ہوگئی ہے۔ فلم کی کہانی ہمالیہ کے دامن میں واقع ایک چھوٹے سے قصبے کے ایک بورڈنگ اسکول میں ترتیب دی گئی ہے، جو ایک 16 سالہ میرا کی زندگی پر مبنی ہے۔
ُشچی تلاتی اس پروجیکٹ کی قیادت کر رہی ہیں۔ فلم کے بارے میں شُچی نے کہا کہ 'میں اپنی پہلی فلم بنانے کے لیے بہت پرجوش ہوں۔ جب سے مجھے ہمارے پروجیکٹ کو سراہا گیا ہے تب سے میں اسکرپٹ کے بارے میں پراعتماد محسوس کر رہی ہوں۔ امید ہے کہ میں ان کے تواقعات میں پورا اتروں گی۔ میں اداکاروں کے ایک بہترین سیٹ اور ایک بہترین عملے کے ساتھ کام کر رہی ہوں، اس لیے میں شکر گزار ہوں۔'
اداکار اور پروڈیوسر ریچا نے کہا کہ' میں اس شائستہ آغاز کے لیے شکرگزار ہوں کیونکہ میں ہمیشہ سے اچھے معیار کی فلمیں بنانا چاہتی تھی۔ شُچی اور میں کالج سے دوست ہیں اور میں اس کے سفر کا حصہ بن کر خوش ہوں۔ مجھے یقین ہے کہ وہ ایک اچھا فیچر بنائے گی جس کی بین الاقوامی سطح پر پذیرائی ہوگی'۔
فضل نے کہا کہ ان کے پروڈکشن بینر کے پیچھے کا مقصد نئے ٹیلنٹ کی پشت پناہی کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 'گرلز وِل بی گرلز اس سلسلے میں ہمارا پہلا فلمی قدم ہے۔ یہ ایک ہند-فرانسیسی مشترکہ پروڈکشن ہے، جسے مشترکہ طور پر پشنگ بٹنز اسٹوڈیوز، کرالنگ اینجل فلمز اور فرانسیسی کمپنی، ڈولس ویٹا فلمز کے ذریعہ تیار کیا جارہا ہے۔