ممبئی: بالی ووڈ اداکار نوازالدین صدیقی نے اپنی سابق اہلیہ عالیہ عرف زینب صدیقی اور بھائی شمس الدین صدیقی کے خلاف ممبئی ہائی کورٹ میں 100 کروڑ روپے کا ہتک عزت مقدمہ درج کرایا ہے۔ اداکار نے اپنی سابق اہلیہ اور بھائی پر ہتک آمیز اور جھوٹے بیانات دینے کا الزام عائد کیا ہے۔Nawazuddin Files Defamation Case
اس مقدمے کی سماعت 30 مارچ کو جسٹس ریاض چھاگلا پر مشتمل سنگل بنچ کی جانب سے کیے جانے کا امکان ہے۔ اداکار نے ہائی کورٹ سے درخواست کی ہے کہ عالیہ اور ان کے بھائی کو ایسے بیانات یا ریمارکس دینے سے روکا جائے جس سے ان کی بدنامی ہو۔ نوازالدین نے بھائی اور سابقہ اہلیہ سے تمام جھوٹے الزامات پر تحریری طور پر معافی مانگنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
مقدمے کے مطابق نوازالدین نے شمس الدین کو 2008 میں اپنا منیجر مقرر کیا تھا اور 'آنکھ موند کر' اپنے تمام مالیاتی کام انہیں سونپے تھے۔ تاہم شمس الدین نے نوازالدین کو دھوکہ دینا شروع کیا اور اداکار کی رقم کا استعمال کرتے ہوئے اپنے نام پر جائیدادیں خریدیں۔ اس میں مزید کہا گیا کہ جب اداکار کو دھوکہ دہی کے بارے میں علم ہوا اور انہوں نے اس حوالے سے سوالات پوچھے تب شمس الدین نے عالیہ کو نواز الدین کے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کرنے کے لیے اکسایا۔
اداکار نے دعویٰ کیا کہ عالیہ اور شمس الدین نے ان کے 21 کروڑ روپے کا غلط استعمال کیا ہے۔ مقدمہ میں کہا گیا کہ جب نوازالدین نے جائیدادیں واپس کرنے کا مطالبہ کیا تو شمس الدین اور عالیہ نے مل کر 'سوشل میڈیا پر ان کی شبیہہ کو مسمار کرنے والی خراب ویڈیوز اور تبصرے' اپ لوڈ کرکے بلیک میل کرنا شروع کردیا۔
اس سے قبل عالیہ نے نوازالدین پر بچوں کی تحویل لینے کے لیے طاقت کا غلط استعمال کرنے اور ان کے ساتھ مبینہ طور پر جنسی زیادتی کرنے کا الزام لگایا تھا۔ عالیہ نے نوازالدین کے بنگلے کے باہر سے ایک ویڈیو بھی شیئر کی تھی جس میں انہوں نے بتایا کہ انہیں گھر میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے اور وہ آدھی رات کو اپنے بچوں کے ساتھ سڑک پر تنہا ہیں۔