حیدرآباد: پربھاس، کریتی سینن اور سیف علی خان کی فلم آدی پروش کے میکرز کو فلم کے وی ایف ایکس، ڈائیلاگس اور کاسٹیوم کی وجہ سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ان سب کے درمیان کریتی سینن کی ماں گیتا سینن نے انسٹاگرام پر ایک عجیب و غریب پوسٹ شیئر کیا ہے۔ جس میں انہوں نے کسی شخص کی غلطیوں کو نہ دیکھنے بلکہ ان کے جذبات کو سمجھنے کے بارے میں بات کی ہے۔ ان کی پوسٹ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کچھ انسٹاگرم صارفین نے اس بات کی بھی تنقید کی اور پوچھا کہ وہ فلم کی حمایت کیوں کر رہی ہیں۔ Adipurush row
آدی پروش میں پربھاس نے راگھو، سیف علی خان نے لنکیش اور کریتی سینن نے جانکی کا کردار ادا کیا ہے۔ یہ فلم ہندو کی مقدس کتاب رامائن سے متاثر ہے، جس میں بھگوان رام کی ظالم بادشاہ راون پر فتح کو دکھایا گیا ہے۔ آدی پروش جمعہ کو ریلیز ہونے کے بعد سے تنازعات میں گھری ہوئی ہے۔ سنسکرت کا ایک شلوک شیئر کرتے ہوئے کریتی سین کی والدہ گیتا سینن نے اس کا مطلب بھی بتایا۔
ان کی پوسٹ میں ہندی میں لکھا تھا کہ ' اس کا مطلب ہے کہ اگر آپ اچھی سوچ کے ساتھ دیکھیں گے تو دنیا صرف خوبصورت نظر آئے گی۔ ۔ بھگوان رام نے ہمیں سکھایا ہے کہ شبری کے بیر میں اس کی محبت دیکھو نہ کہ یہ کہ وہ جھوٹے تھے۔ کسی کو کسی انسان کی غلطیوں کو نہیں اس کے جذبات کو سمجھنا چاہیے'۔
گیتا کے اس انسٹاگرام پوسٹ پر ایک شخص نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ 'آپ کو اس ہندو مخالف فلم کی آنکھیں بند کر کے حمایت نہیں کرنی چاہیے، آپ کو اپنی بیٹی کو اس کی حوصلہ افزائی کرنے کے بجائے ہندو اقدار سکھانا چاہیے...'۔
ایک نے یہ بھی لکھا کہ ' آپ کسی فلم کو صرف اس لیے سپورٹ کر رہی ہیں کیونکہ آپ کی بیٹی اس میں کردار ادا کررہی ہے؟'۔ ایک اور نے لکھا کہ ' عزت کے ساتھ یہ کہنا چاہوں گا کہ پیسہ کمانے کے لیے ہرچیز کو جائز نہیں ٹھہرایا جاسکتا۔ کم از کم دھرم کو ان سب سے پرے رکھیں'۔
یہ فلم مہینوں پہلے اس وقت سرخیوں میں آئی تھی جب اس کا ٹیزر ریلیز ہوا تھا۔ شائقین نے اس کے گرافکس کا مذاق اڑایا تھا۔ گزشتہ ہفتے اس کی ریلیز کے بعد سے فلم کے خلاف بائیکاٹ کا اعلان کیا گیا ہے۔ یہاں تک فلمسازوں نے تنقید کے بعد کچھ ڈائیلاگ میں تبدیلی بھی کی ہے۔