بنگلور: بالی ووڈ اداکار امیتابھ بچن نے جمعہ کو کنڑ سپراسٹار پونیت راجکمار کی گندھڈا گڈی کی پری ریلیز ایونٹ 'پونیت پروا' پروگرام میں ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے بات کی۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال دل کا دورہ پڑنے کے باعث کنڑ سپراسٹار کی موت نے پورے کنڑ فلم انڈسٹری کو صدمہ میں مبتلا کردیا تھا۔ Amitabh Bachchan in 'Gandhad Gudi' pre release event
آنجہانی اداکار پونیت راجکمار کی دستاویزی فلم 'گندھڈا گڈی' کی پری ریلیز تقریب جمعہ کے روز یعنی 21 اکتوبر کو بنگلور پیلس گراؤنڈ کے کرشنا وہار میں پونیت پروا پروگرام میں منعقد ہوئی۔اس موقع پر بھارتی سنیما کے مختلف فلم انڈسٹری کے کئی مشہور ہستیوں نے آنجہانی اداکار کو خراج عقیدت پیش کی۔ اس موقع پر ہندی سنیما کے شہنشاہ نے بھی ویڈیو پیغام کے ذریعہ پونیت کو خراج عقیدت پیش کی۔
امیتابھ بچن نے کہا کہ ' ہم سب پیار سے پونیت راجکمار کو اپو کہتے تھے۔ اس وقت اپو کے بارے میں بات کرنا مشکل ہے۔ ہم نے انہیں بہت چھوٹی عمر میں کھو دیا۔ اس بات سے افسردگی محسوس ہوتی ہے۔ ان کی موت کی خبر سے ذاتی طور پر مجھے بہت تکلیف پہنچی۔ مجھے آج بھی اس بات پر یقین نہیں ہوتا کہ اپو ہمارے ساتھ نہیں ہیں۔ ڈاکٹر راجکمار ہمارے خاندان کے قریبی دوست تھے۔ سال 1982 میں جب میرے ساتھ حادثہ ہوا تھا تب انہوں نے میرے لیے دعا کی تھی۔ میں ان کی باتیں کبھی نہیں بھول سکتا۔ میں اپو کی موجودگی کو کبھی نہیں بھولوں گا۔ وہ ہمیشہ مسکراتے رہتے تھے۔ ان کے چہرے پر ایک انوکھی مسکراہٹ تھی جس کی وجہ سے وہ اپنے مداحوں اور ہم سے بہت قریب ہوگئے تھے۔ ان کو ماضی میں رکھ کر بات کرنا بہت مشکل ہے'۔
اس موقع پر راج پرکاش اور کمال ہاسن نے بھی پونیت کو خراج عقیدت پیش کرتے کیا اور انہیں یاد کیا۔ گندھڈا گڈی ایک دستاویزی فلم ہے جس میں پونیت اور ہدایت کار اموگھوارشا جے ایس نظر آنے والے ہیں۔ یہ فلم کرناٹک کے ہرے بھرے جنگلوں کے سفر پر لے جائے گی ۔ اس دستاویزی فلم میں اداکار آخری بار اسکرین پر نظر آئیں گے۔ یہ فلم 28 اکتوبر کو ریلیز ہوگی۔