ڈانس انڈیا ڈانس جیسے کئی مشہور ریئلٹی ٹی وی شو میں نظر آنے والے مشہور کوریوگرافر و ڈانسر سلمان یوسف خان نے بنگلورو ایئرپورٹ پر ایک ناخوشگوار تجربے کے بارے میں ایک ویڈیو شیئر کی ہے۔ انسٹاگرام پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں انہوں نے کہا کہ بنگلورو میں پیدا ہونے کے باوجود کنڑ زبان نہ جاننے پر امیگریشن افسر نے ان کے ساتھ بدسلوکی کی۔ ڈانسر نے یہ بھی بتایا کہ یہ واقع بدھ کی صبح اس وقت پیش آیا جب وہ دبئی جارہے تھے۔ Salman Harrased at Bengaluru Airport
- " class="align-text-top noRightClick twitterSection" data="
">
سلمان، جو آخری بار ڈانس ریئلٹی شو ڈانس پلس 6 میں نظر آئے تھے، اپنے تجربے کے بارے میں بھی لکھا۔ انہوں نے ویڈیو پوسٹ کرتے ہوے لکھا کہ 'دبئی جانے کے دوران میں ایک امیگریشن افسر سے ملا جو مجھ سے کنڑ میں بات کر رہا تھا۔۔۔ اور میں نے اپنی ٹوٹی پھوٹی کنڑ میں اسے بتانے کی کوشش کی کہ میں یہ زبان سمجھتا ہوں لیکن میں اتنی اچھی طرح سے بول نہیں سکتا۔۔لیکن وہ پھر بھی کنڑ میں بات کرتا رہا اور اس نے مجھے میرا پاسپورٹ دکھا کر میرا نام، میری جائے پیدائش اور میرے والد کا نام اور ان کی جائے پیدائش کی جانب اشارہ کیا اور مجھے یہ کہنے کی جرت کی کہ 'تم اور تمہارے والد بنگلورو میں پیدا ہوئے اور پھر بھی تم کنڑ نہیں بول سکتے۔ جس کے جواب میں میں نے کہا کہ بنگلورو میں پیدا ہونے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ مجھے یہاں کی زبان آئے۔
کوریوگرافر نے اپنے ویڈیو میں کہا کہ انہوں نے امیگریشن افسر کو بتایا کہ انہوں نے شہر میں زیادہ وقت نہیں گزارا ہے، کیونکہ ان کی پرورش سعودی عرب میں ہوئی ہے۔ انہوں نے بنگلورو میں اپنے دوستوں کی وجہ سے کچھ کنڑ بولنی سیکھی ہے ۔یہ سننے کے بعد افسر نے ان سے کہا کہ 'اگر آپ کنڑ نہیں بول سکتے تو میں آپ پر شک کرسکتا ہوں'۔
سلمان نے مزید کہا کہ ' میں نے ان سے کہا کہ میں اپنی قوم کی سرکاری زبان ہندی جانتا ہوں میں کنڑ کیون جانوں۔۔ میں نے ان سے پھر پوچھا کہ مجھ پر آپ کو کس چیز کا شبہ ہے۔۔۔تب اس نے کہا کہ میں کسی بھی چیز کے لیے آپ پر شک کرسکتا ہے۔۔ میں نے اس سے کہا کوشش کرکے دیکھ لو جب میں نے زور سے تین بار دہرایا تب وہ خاموش ہوگیا۔ میں نے اسے کہا کہ اگر تم جیسے ان پڑھ لوگ اس ملک میں رہتے رہیں گے تو یہ ملک کبھی ترقی نہیں کرے گا۔۔جس پر اس نے بس سر جھکا لیا اور بڑبڑاتا رہا'۔
سلمان نے کہا کہ انہوں نے ہوائی اڈے کے حکام کو معاملے کی اطلاع دینے کی کوشش کی، لیکن انہیں کوئی مدد نہیں ملی۔ ڈانسر و کوریوگرافر نے اپنی پوسٹ کے آخر میں یہ بھی لکھا کہ ' میں ایک قابل فخر بنگلورو ہوں لیکن آج میں نے جس چیز کا سامنا کیا ہے وہ ناقابل قبول ہے … آپ کو ہمیشہ لوگوں کو کوئی بھی مقامی زبان سیکھنے کی ترغیب دینی چاہیے، لیکن نہ جاننے کی وجہ سے ان کی توہین نہ کی جانی چاہیے.. اور ان سب میں ان کے والدین کا نام نہیں گھسیٹنا چاہیے'۔
واضح رہے کہ حال ہی میں بنگلورو سے ایک ویڈیو خوب وائرل ہورہا تھا جس میں بنگلورو کا ایک آٹو ڈرائیور ایک خاتون کی کنڑ زبان نہ جاننے پر اس سے جھگڑا کرتے نظر آرہا تھا۔ سلمان یوسف خان 2009 میں ڈانس ریئلٹی شو ڈانس انڈیا ڈانس کا پہلا سیزن جیتنے کے بعد شہرت کی بلندیوں پر پہنچے۔ انہوں نے 2013 میں ریمو ڈی سوزا کے ڈانس ڈرامہ اے بی سی ڈی: اینی باڈی کین ڈانس سے بالی ووڈ میں قدم رکھا۔ اس کے بعد انہوں نے چند فلموں میں اداکاری کی۔