ممبئی: ہندی اور ساؤتھ سنیما پر شروع ہونے والا تنازع مزید گہرا ہوتا جارہا ہے۔ ایسے میں 'ساؤتھ بمقابلہ بالی ووڈ' کی جنگ میں دونوں انڈسٹریز کے ستاروں کے درمیان لفظی جنگ شروع ہوگئی ہے۔ ساؤتھ سپر اسٹار مہیش بابو کے 'بالی ووڈ مجھے برداشت نہیں کر سکتا' بیان پر چاروں جانب سے ردعمل سامنے آرہے ہیں۔ تاہم ساؤتھ سپر اسٹار نے بالی ووڈ سے متعلق دئیے گئے اپنے بیان پر معافی مانگ لی ہے لیکن اس کے باوجود بالی ووڈ اداکار سنیل شیٹھی نے اس بیان پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ Suniel Shetty Replied to Mahesh Babu
ساؤتھ سپر اسٹار مہیش بابو کے بیان پر سنیل شیٹی نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ' باپ، باپ ہی ہوتا ہے' اور فیملی ممبرز، فیملی ممبرز ہی رہیں گے۔ ویسے ہی بالی ووڈ ہمیشہ بالی ووڈ رہے گا، انڈیا کو پہچانیں گے تو بالی ووڈ کے ہیروز کو پہچان ہی لیں گے'۔ سنیل شیٹی نے کہا کہ وہ بھی ساؤتھ سے آتے ہیں۔ لیکن ان کے کام کی جگہ ممبئی ہے۔ اسی لیے انہیں ممبئیکر کہا جاتا ہے۔
اداکار کا مزید کہنا تھا کہ ساؤتھ بمقابلہ بالی ووڈ کا مسئلہ سوشل میڈیا کی وجہ سے ہے۔ سبھی ہندوستانی ہیں۔ سچ تو یہ ہے کہ شائقین فیصلہ کرتے ہیں کہ کیا دیکھنا ہے اور کیا نہیں۔ لیکن پریشان کن بات یہ ہے کہ ہم شائقین کو بھول چکے ہیں۔ ہمیں مواد پر کام کرنا چاہئے۔
مہیش بابو نے کیا بیان دیا تھا
واضح رہے کہ مہیش بابو نے ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ ' بالی ووڈ انہیں برداشت( افارڈ) نہیں کرسکتا ہے اور وہ ہندی فلموں میں اپنا وقت برباد نہیں کرنا چاہتے ہیں۔ حالانکہ اس بیان پر شروع ہوئے تنازع کے بعد ساؤتھ کے سپراسٹار نے اپنی وضاحت پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ ساتھ میں فلمیں کر رہے ہیں، جہاں وہ آرام دہ ہیں۔ اتنا ہی نہیں انہوں نے کہا تھا کہ ' میں تمام زبانوں کا احترام کرتا ہوں'۔