ممبئی: پاکستان کے مشہور گلوکار عاطف اسلم کو رمضان کے مقدس ماہ میں خوبصورت تحفہ ملا ہے۔ 23 مارچ کو عاطف اسلم ایک بار پھر والد بن گئے ہیں۔ گلوکار کے گھر پھول جیسی بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے۔ عاطف نے یہ خوشخبری سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے اپنے چاہنے والوں سے بیٹی کے لیے دعائیں کرنے کو کہا ہے اور ساتھ ہی اپنی بیٹی کی پیاری تصویر بھی دکھائی ہے اور یہ بھی بتایا ہے کہ انہوں نے اپنی بیٹی کا نام کیا رکھا ہے۔
عاطف اسلم تیسری بار والد بنے ہیں۔ عاطف نے 2013 میں سارہ سے شادی کی۔ اس شادی سے جوڑے کے پہلے ہی دو بچے ہیں اور اب رمضان کے مہینے میں اللہ نے جوڑے کے گھر میں برکت عطا کی ہے۔ عاطف نے بیٹی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ' آخر کار انتظار ختم ہوا اور میرے دل کی نئی رانی آگئی ہے۔ بچی اور سارہ دونوں ٹھیک ہیں الحمد اللہ۔ آپ اپنی دعاؤں میں ہمیں یاد رکھیں اور حلیمہ عاطف اسلم کی طرف سے رمضان مبارک'۔
- " class="align-text-top noRightClick twitterSection" data="
">
عاطف کی اس خوشخبری پر پاکستان کی مشہور شخصیات سمیت مداح انہیں ڈھیروں مبارکباد دے رہے ہیں اور انہیں رمضان کی مبارکباد بھی دے رہے ہیں۔ بھارت کے کئی مشہور شخصیات نے بھی گلوکار کو اس خوشی کی مبارکباد دی ہے۔ ٹیلی ویژن اداکار شرد ملہوترا نے عاطف اسلم کے پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ' مبارک'۔ واضح رہے کہ عاطف اسلم کے دو بیٹے ہیں جن کا نام انہوں نے عبدل احد اور آریان اسلم رکھا ہے۔ اب پاکستان میں رمضان 2023 کے پہلے ہی روزے کو عاطف اسلم کے یہاں ان کی پہلی بیٹی حلیمہ کی ولادت ہوئی ہے۔