ممبئی: ساٹھ اور ستر کی دہائی میں بڑے پردے پر راج کرنے والی تجربہ کار اداکارہ آشا پاریکھ ہندی سینما کا وہ نام ہے جنہوں نے اپنی شاندار اداکاری سے شائقین کے دل جیت لیے اور ہندی سینما کو بلندیوں پر پہنچایا۔انہیں اس سال 68 ویں دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ انہو نے کہا کہ 'یہ ایوارڈ 80 سال میں اب تک کا سب سے بہترین تحفہ ہے۔' Asha Parekh receives Dada Saheb Phalke award
2 اکتوبر 1942 کو گجرات میں پیدا ہونے والی آشا پاریکھ کی والدہ مسلمان اور والد گجراتی تھے۔ آشا پاریکھ نے اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز بطور چائلڈ آرٹسٹ سال 1952 میں فلم 'آسمان' سے کیا۔دریں اثنا، پروڈیوسر ہدایت کار ومل رائے ایک تقریب کے دوران آش پاریکھ کے ڈانس پرفارمنس سے متاثر ہوئے اور انہیں اپنی فلم باپ بیٹی میں کام کرنے کی پیشکش کی۔ سال 1954 میں ریلیز ہونے والی یہ فلم ٹکٹ کھڑکی پر ناکام ثابت ہوئی۔
آشا پاریکھ نے بطور اداکارہ اپنے کیرئیر کا آغاز پروڈیوسر ڈائریکٹر ناصر حسین کی فلم ’دل دے کے دیکھو ‘ سے کیا تھا ۔ سال 1959 میں ریلیز ہوئی اس فلم کی کامیابی کے بعد آشا پاریکھ کسی حد تک فلم انڈسٹری میں اپنی پہچان بنانے میں کامیاب ہو گئیں۔ سال 1960 میں آشا پاریکھ کو ایک بار پھر پروڈیوسر ڈائریکٹر ناصر حسین کی فلم ’ جب پیار کسی سے ہوتا ہے‘ میں کام کرنے کا موقع ملا۔ اس فلم کی کامیابی نے آشا پاریکھ کو ایک اسٹار کے طور پر قائم کردیا۔
تقریباً 80 فلموں میں بطور اداکارہ کام کرنے والی آشا پاریکھ کی تمام فلموں کو بہت پسند کیا گیا۔ جس میں 'جب پیار کسی سے ہو'، 'گھرانا'، 'بھروسہ'، 'میرے صنم'، تیسری منزل ، دو جسم ، اپکار ، شکار ، ساجن ، آن ملو سجنا اور کاررواں اہم ہیں۔
سال 1966 میں آئی فلم ’تیسری منزل‘ آشا پاریکھ کے سنے کیریئر کی ایک بڑی سپر ہٹ فلم ثابت ہوئی۔ اس فلم کی کامیابی کے بعد آشاکے کیرئیر میں ایسا سنہرا دور بھی آیا جب انکی ہر فلم سلور جوبلی منانے لگی اور یہ سلسلہ طویل وقفہ تک چلتا رہا۔ ان فلموں کی کامیابی کو دیکھ کر وہ فلم انڈسٹری میں جوبلی گرل کے نام سے مشہور ہوگیئں ۔
سال 1972 میں آشا پاریکھ کو ان کی فلم کٹی پتنگ کے لیے بہترین اداکارہ کا فلم فیئر ایوارڈ سے نوازا گیا ۔ فلموں میں ان کی شراکت کے لیے 2002 میں فلم فیئر لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ بھی ملا۔آشا کو 1992 میں پدم شری ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اس کے علاوہ انہیں اور بھی بے شمار اعزازات سے نوازا جا چکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: National Film Awards آشا پاریکھ کو دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سے نوازا گیا
نوے کی دہائی میں آشا نے فلموںمیں کام کرنا کافی حد تک کم کردیا ۔اس دوران انہوں نے چھوٹے پردے کا رخ کیا اور گجراتی سیریل جیوتی کی ہدایت کاری کی۔ اسی دوران انہوں نے اپنی پروڈکشن کمپنی ’آکرتی‘ قائم کی جس کے بینر تلے انہوں نے پلاش کے پھول، باجے پائل، کورا کاغذ اور دال میں کالا جیسے مشہور سیریل بنائے۔ آشا پاریکھ 1998 سے 2001 تک سنسر بورڈ کی پہلی خاتون صدر تھیں۔ ان کی کامیابیوں کو دیکھتے ہوئے اس سال انہیں سال 2020 کے لیے ہندوستانی سنیما کے سب سے بڑے اعزاز دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔
یو این آئی