حیدرآباد: اقوام متحدہ کے ادارہ برائے پناہ گزین (یو این ایچ سی آر) کی سفیر اور ہالی ووڈ کی مشہور اداکارہ انجیلینا جولی سیلاب متاثرین کی مدد کرنے کے لیے پاکستان پہنچ گئی ہیں۔ انجلینا جولی سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی مدد اور ان سے براہ راست بات کرنے کے لیے منگل کی سہ پہر پاکستان پہنچیں۔ جولی اس وقت دادو، سندھ میں ہیں، جہاں وہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لے رہی ہیں۔Angelina Jolie Visits Pakistan
ایک ٹی وی فوٹیج میں اداکارہ انجلینا جولی کو کراچی کے ایک ہوائی اڈے پر پہنچتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ واضح رہے کہ سندھ کا علاقہ سیلاب سے سب زیادہ متاثر ہوا ہے۔ یہاں جون کے وسط سے آنے والے سیلاب میں 692 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ وہیں یہاں لاکھوں گھروں کو نقصان پہنچا ہے اور تقریبا 50 لاکھ افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق اداکارہ نے سیلاب متاثرین علاقوں کا دورہ بھی کیا ہے۔
بین الاقوامی ریسکیو کمیٹی (آئی آر سی) کی طرف سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز کے مطابق جولی حالات کا مشاہدہ کرنے اور سیلاب زدہ علاقوں کے متاثرین کی مشکلات کو حل کرنے کے لیے لوگوں سے ان کی ضروریات کے بارے میں بات کریں گی اور ساتھ میں مستقبل میں اس طرح کے قدرتی آفات سے بچنے کے لیے ضرورت اقدامات پر بھی بات کریں گی۔
اداکارہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے سندھ کے دادو میں واقع زمزمہ آئل فیلڈ بھی پہچنیں۔ اس کے بعد اداکارہ نے اطراف کے علاقوں کا جائزہ لینے کے لیے کشتی کا استعمال کیا۔ اداکارہ انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی (IRC) کے ایمرجنسی آپریشنز کے ایک حصے کے طور پر پاکستان کے دورے پر ہیں۔
اداکارہ پاکستانی عوام کو درکار فوری امداد اور موسمیاتی تبدیلی اور انسانی نقل مکانی کے بحرانوں سے نمٹنے کے لیے طویل المدتی حل پر روشنی ڈالیں گی۔
اس پریس ریلیز میں آئی آر سی نے امید ظاہر کی ہے کہ انجلینا جولی کے اس دورے سے بین الاقوامی برادری خاص طور پر امریکہ، جو کاربن کے اخراج کے لیے سب سے زیادہ ذمہ دار ہے، میں بیداری آئے گی اور وہ موسمیاتی بحران سے متاثر ہورہے ممالک کو فوری امداد فراہم کرنے کے لیے سامنے آئے گا۔
انجلینا جولی کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک میں ہیں۔ اپنی تقریر میں شریف غریب ملک میں موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے ہورہے نقصانات پر روشنی ڈالیں گے۔
جولی کے پاکستان دورے سے قبل غیر سرکاری تنظیم انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی( آئی آر سی) نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر یہ اعلان کیا تھا کہ انجیلینا جولی سیلاب زدگان کی مدد کیلئے جلد پاکستان کا دورہ کریں گی اور سیلاب زدہ علاقوں کے متاثرین کی مشکلات کو حل کرنے کے اقدامات کریں گی۔
جب بھی پاکستان میں اس طرح کے تباہ کن واقعات پیش آئے ہیں، اداکارہ نے ہمیشہ حتی المقدور مدد دینے کا اعلان کیا ہے۔ اس بار انہوں نے سیلاب سے متعلق امدادی کاموں میں تعاون کے لیے پاکستان کا دورہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ خیال رہے کہ انجیلینا اس سے قبل بھی 2005 میں زلزلہ متاثرین اور 2010 میں سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے پاکستان پہنچیں تھیں۔
واضح رہے کہ پاکستان بھر میں شدید بارشوں کے باعث سیلاب نے تباہی مچائی جس سے تقریباً 33 ملین افراد متاثر اور بےگھر ہوئے ہیں۔