حیدرآباد: پربھاس اور کریتی سینن کی فلم آدی پروش ہر گزرتے دن کے ساتھ شائقین کے جوش میں اضافہ کر رہی ہے۔ جیسے جیسے ریلیز کی تاریخ قریب آتی جا رہی ہے، آدی پروش کے پہلے دن کی باکس آفس کمائی کے متعلق باتیں تیز ہوتی جارہی ہیں۔ شروعاتی دنوں میں تنازع کے باوجود اوم راوت کی ہدایتکاری میں بننے والی اس فلم نے شائقین کی دلچسپی کو متاثر کیا ہے۔ کئی تجارتی نقادوں کا ماننا ہے کہ آدی پروش پہلے دن سب سے زیادہ کمائی کرنے والی بھارتی فلموں کی فہرست میں جگہ بنا پائے گی۔Adipurush box office day 1 prediction
یہ پیشین گوئی کرنا بہت قبل از وقت ہے کہ کیا آدی پروش، فلم باہوبلی کے بعد پربھاس کو دوبارہ باکس آفس کا بادشاہ بنانے کا ذریعہ بنے گی۔ آدی پروش کے ایڈوانس بکنگ اور ابھیشیک اگروال، رنبیر کپور، رام چرن اور اننیا برلا کی جانب سے خریدی گئی ٹکٹوں کو دیکھ کر لگتا ہے کہ فلم کا 10 بھارتی اوپنرز کی فہرست میں جگہ حاصل کرنا یقینی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ 2022 میں وجے تھلاپتی کی فلم بیسٹ، جس نے ریلیز کے پہلے دن 49.30 کروڑ روپے کی کمائی کی تھی، اب ٹاپ 10بھارتی اوپنرز کی فہرست سے باہر ہوجائے گی۔
ٹاپ 10 ہندوستانی فلموں پر ایک نظر ڈالیں جنہوں نے پہلے دن زبردست کمائی کی:
آر آر آر: 134 کروڑ روپے
باہوبلی 2: 121 کروڑ روپے
KGF چیپٹر 2: 116 کروڑ روپے
ساہو: 88 کروڑ روپے
2.0: 63 کروڑ روپے
پٹھان: 57 کروڑ روپے
وار : 53.35 کروڑ روپے
سئے را نرسمہا ریڈی: 52.50 کروڑ روپے
ٹھگس آف ہندوستان: 52.25 کروڑ روپے
بیسٹ: 49.30 کروڑ روپے
آدی پروش کے لیے ایڈوانس بکنگ 11 جون کو شروع ہوئی تھی۔ ہندی بولنے والے علاقوں میں شائقین نے بڑی تعداد میں فلم کے لیے ایڈوانس بکنگ کی ہے جبکہ تلنگانہ میں ایڈوانس بکنگ ابھی شروع ہونا باقی ہے۔ اوم راوت کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم 16 جون کو پوری دنیا میں 3D میں اسکرینوں پر آئے گی لیکن اس سے پہلے آدی پروش کا نیویارک میں ٹریبیکا فلم فیسٹیول میں پریمیئر ہوگا۔ پربھاس اور کریتی کے علاوہ فلم میں سنی سنگھ نے لکشمن، دیودتا ناگے نے لارڈ ہنومان کا اور سیف علی خان لنکیش کے کردار میں نظر آئیں گے۔