اتر پردیش کے ضلع گوتم بدھ نگر کے دنکور تھانہ علاقہ کے اورنگ پور گاؤں سے طالب علم یش ناگر کے اغوا کیس میں فرار ملزم کو پولیس نے گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ دوسرا بدمعاش اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ پولیس اس کو تلاش کر رہی ہے۔
پولیس نے زخمی ملزم کو اسپتال داخل کرایا ہے، جس کے قبضے سے ایک موٹرسائیکل اور پستول، کارتوس برآمد ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ پولیس نے پہلے ہی 14 فروری کو پیرفیرل ایکسپریس وے کے قریب پیٹرول پمپ سے طالب علم یش ناگر کو بازیاب کرا لیا تھا۔
پولیس پیرفیرل ایکسپریس وے کی سروس روڈ پر گاڑیوں کی چیکنگ کررہی تھی۔ اسی دوران موٹر سائیکل پر سوار دو مشتبہ افراد پہنچے۔ جب پولیس نے تفتیش کے لئے انہیں روکنا چاہا تو انہوں نے موٹر سائیکل تیز کرکے بھاگنے کی کوشش کی۔ جب پولیس نے محاصرہ کیا تو انہوں نے پولیس ٹیم پر فائرنگ شروع کردی۔
پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک شرپسند گولی لگنے سے زخمی ہوا، جس کی شناخت انتظار کے طور پر ہوئی، جبکہ اس کا کزن ندیم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، جس کو پولیس تلاش کر رہی ہے۔
ان دونوں نے 13 فروری کو اورنگ پور گاؤں کے رہائشی سندیپ ناگر کے 12 سالہ بھتیجے یش ناگر کو تاوان کے لئے اغوا کیا تھا۔