پِتھورا گڑھ پولیس سے ملی اطلاع کے مطابق گزشتہ 26 جنوری کو ایک لڑکی کے اغوا کی خبر ملی تھی۔ لڑکی کے والد نے کہا کہ ان کی نابالغ بیٹی گھر سے اسکول کے لیے نکلی تھی لیکن واپس نہیں لوٹی۔
شکایت ملنے کے بعد پولیس نے تعزیرات ہند کی دفعہ 363 اور 366 کے تحت معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی تھی۔
پولیس نے گزشتہ 27 جنوری کو سمسیاری، کافلی گیر کے رہائشی لڑکے چندر شیکھر عرف چندو کے قبضے سے لڑکی کو بحفاظت آزاد کرایا۔ ملزم نے لڑکی کو ضلع نینی تال کے رام نگر میں ایک کمرے میں قید رکھا تھا۔
پولیس کو جانچ میں پتہ چلا کہ ملزم نابالغ لڑکی کو بہلا پھسلا کر بھگا کر لے گیا اور اس سے مندر میں شادی کرلی۔ اس کے بعد پولیس نے لڑکی کے بیان اور میڈیکل کی بنیاد پر ملزم کے خلاف درج معاملے میں پوکسو ایکٹ کی دفعات میں اضافہ کردیا اور اسے گرفتار کیا۔