اورنگ آباد: اورنگ آباد اسلحہ ضبطی معاملہ میں نچلی عدالت سے عمر قید کی سزا پانے والے بلال احمد عبدالرزاق (کاتب) کو بامبے ہائی کورٹ نے ضمانت پر رہا کیے جانے کا حکم جاری کیا. بلال احمد گزشتہ 14 سالوں سے جیل کی سلاخوں کے پیچھے مقید تھے۔ بلال احمد کا تعلق مالیگاؤں سے ہے لیکن گرفتاری کے وقت وہ اورنگ آباد میں برسر روزگار تھے۔ بامبے ہائی کورٹ کی دو رکنی بنچ کے جسٹس ریوتی ڈیرے اور جسٹس بشٹ نے بلال احمد کو مشروط ضمانت پر رہا کیے جانے کا حکم جاری کیا۔ Bilal Ahmed of Malegaon Granted Bail in High Court
اس ضمن میں بلال احمد کی ضمانت عرضداشت پر ایڈووکیٹ مبین سولکر نے بحث کی اور ایڈووکیٹ طاہرہ قریشی ایڈووکیٹ عامر سپاری والا نے معاونت کی۔ خصوصی عدالت نے مکوکا عدالت کی جانب سے ملزمین کو دی جانے والی 14 سال اور عمر قید کی سزاؤں کے خلاف اپیل جمعیت علماء مہاراشٹر (ارشد مدنی) کے توسط سے داخل کی گئی تھی، جسے عدالت نے سماعت کے لیے منظور کرلیا تھا۔ پیپر بک تیار نہیں ہونے کی وجہ سے بلال احمد کی ضمانت عرضداشت داخل کی گئی تھی جس پر جمعہ کو فیصلہ ہوا۔
جمعیت علماء مہاراشٹر قانونی امداد کمیٹی کے سربراہ گلزار اعظمی نے بامبے ہائی کورٹ کے فیصلہ کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ آج کے فیصلہ سے عمر قید کی سزا کاٹ رہے دیگر ملزمین کو بھی فائدہ ملے گا. انہوں نے مزید کہا کہ 28 جولائی 2016 کو آرتھر روڈ جیل میں قائم خصوصی مکوکا عدالت نے اس معاملے کا سامنا کررہے 20 مسلم نوجوانوں میں سے 8 مسلم نوجوانوں کو باعزت بری کردیا تھا. جب کہ 3 نوجوانوں کو آٹھ سال، 2 نوجوانوں کو 14 سال کی قید بامشقت کی سزا نیز دیگر 7 نوجوانوں کو عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں:
گلزار اعظمی نے کہا کہ بامبے ہائی کورٹ کے فیصلہ کی روشنی میں سینیئر وکلاء سے صلاح و مشورہ کرکے دیگر ملزمین کے لیے بھی ضمانت پر رہائی کے لیے کوشش کی جائے گی. واضح رہے کہ جن ملزمین کو عمر قید کی سزا ملی تھی ان میں عامر شکیل، بلال احمد، افروز پٹھان، سید عاکف، فیصل، عطاء الرحمٰن شیخ، اسلم کشمیری اور سید ذبیح الدین شامل ہیں۔