ریاست اترپردیش کی نوئیڈا پولیس نے مدھیہ پردیش کے سابق وزیراعلیٰ کمل ناتھ کے چچازاد بھائی اور بھابھی کے قتل اور گھر میں ڈکیتی میں ملوث ملزمین کو 72 گھنٹے کے اندر گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پولیس نے پہلے مدھیہ پردیش کے دیو شرما کو نوئیڈا سے گرفتار کیا تھا، جس کے بعد ملزم کی نشاندہی پر دیگر ملزمین بشن، روہت اور سبھاش کو پولیس نے اے ٹی ایس گول چکر کے قریب گھیرنے کی کوشش کی لیکن پولیس کو دیکھ کر بدمعاشوں نے بائیک چھوڑ کر پولیس پر فائرنگ کرکے بھاگنے کو کوشش کی جس پر پولیس کی جوابی فائرنگ میں ایک بدمعاش کے پیر میں گولی لگی جبکہ دو بھاگنے میں کامیاب رہے، زخمی بدمعاش نے اپنا نام بشن سنگھ بھدوریہ بتایا جو گوالیار ،مدھیہ پردیش کا رہنے والا ہے، فرار دونوں ملزمین کے نام روہت اور سبھاش ہے۔ اس واردات میں چار ملزمین ملوث تھے، جنہوں نے لوٹ کی غرض سے اس واردات کو انجام دیا تھا۔
پولیس نے ملزم سے بینک کی پاس بک، چیک بک، آئی ڈی 13 ہزار روپے نقد اور غیر قانونی اسلحہ بھی برآمد کیا ہے۔
واضح رہے کہ بیٹا 2 تھانہ علاقے کے الفا 2 میں رہنے والے نریندر ناتھ (72 سال) اور ان کی اہلیہ سمن ناتھ کو دو دن قبل ہی قتل کر کے ان کے گھر میں لوٹ مار کی گئی تھی، اس دہرے قتل کی واردات سے علاقہ میں سنسنی پھیل گئی تھی جس کی وجہ سے پولیس پر بھی کافی دباؤ تھا۔
گرفتار کرنے والی پولیس ٹیم کو کمشنر گوتم بدھ نگر نے پچاس ہزار روپے نقد انعام دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔