حیدرآباد: شادی کے استقبالیہ کی تقریب سے واپسی کے دوران پیش آئے سڑک حادثہ میں دلہن اور اس کے والد کی موت ہو گئی جبکہ دلہن کا شوہر اور کار ڈرائیور زخمی ہوگئے۔
یہ حادثہ تلنگانہ کے ضلع نرمل کے پانڈوپور گاؤں میں کل شب اُس وقت پیش آیا جب مہاراشٹر میں شادی کے استقبالیہ میں شرکت کے بعد واپسی کے دوران ان کی کار بڑے گڑھے میں گرگئی۔ اس جوڑے کی شادی تین دن پہلے ہی ہوئی تھی۔
پولیس نے بتایا کہ مہلوک دلہن کی شناخت 25 سالہ مونیکا اور اس کے باپ 50 سالہ راجیا کے طورپر کی گئی ہے جن کا تعلق ضلع نرمل کے کڈم منڈل سے ہے۔ مونیکا کا شوہر جناردھن مہاراشٹر کا رہنے والا ہے جبکہ ڈرائیور کی شناخت رندھیر کے طورپر کی گئی ہے۔
حادثہ اتنا شدید تھا کہ دلہن کی موقع پر ہی موت ہوگئی جبکہ اس کا باپ راجیا شدید زخمی ہوگیا۔ اس کوعلاج کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں علاج کے دوران وہ چل بسا۔
بتایا جاتا ہے کہ کار کا ڈرائیور حالت نیند میں تھا جس کے نتیجہ میں اس نے کار کا توازن کھودیا اور یہ کار بڑے گڑھے میں گر گئی۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے سرکاری اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: تلنگانہ میں ہر روز 40 افراد سائبر دھوکہ دہی کا شکار ہوتے ہیں
مونیکا کی شادی 25 اگست کو ہوئی تھی۔ زخمیوں کو علاج کے لئے نرمل کے اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ اس حادثہ پر دلہن کے گاؤں میں غم کی لہر دوڑ گئی۔
(یو این آئی)