آندھر پردیش (اے پی) میں کورونا وائرس کے57نئے مثبت معاملات درج ہوئے ہیں۔ تلگو ریاست میں روز بروز اس وبا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوتاجارہا ہے۔
محکمہ صحت کی جانب سے جمعہ کو نئے معاملات کے سلسلہ میں بلیٹن جاری کیا گیا ہے۔ن ئے معاملات کے ساتھ ہی کورونا وائرس کے مریضوں کی ریاست میں تعداد بڑھ کر2157تک جا پہنچی۔ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران یہ نئے معاملات سامنے آئے ہیں۔ سب سے زیادہ معاملات گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران اضلاع نیلور اور چتور میں درج کئے گئے ہیں۔ ان اضلاع میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 14,14افراد اس وبا سے متاثر ہوئے ہیں۔
اضلاع مغربی گوداوری، سریکاکلم، پرکاشم، گنٹور میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران کوئی بھی نیا معاملہ درج نہیں ہوا ہے جبکہ بہ حیثیت مجموعی 599معاملات کے ساتھ سب سے آگے ضلع کرنول ہے۔ دوسرے نمبر پر ضلع گنٹور ہے جہاں 404معاملات درج کئے گئے ہیں۔ اب تک1252افراد روبہ صحت ہوگئے ہیں جن کو گھر جانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
سب سے زیادہ روبہ صحت ہونے والے افراد ضلع کرنول کے ہیں۔ ریاست میں اس موذی مرض سے مزید چار افراد کی موت ہوئی ہے۔ اس طرح اس وبا سے مرنے والوں کی تعداد 48تک جاپہنچی ہے۔