مئو شہر کے معروف دینی تعلیمی اداروں کے سرپرست جہیز لینے اور دینے کے خلاف میٹنگ منعقد کر رہے ہیں ۔ علماء کے مطابق قوم کو تنزلی کا شکار ہونے سے روکنے کے لئے ضروری ہے کہ قرآن و حدیث کی روشنی میں یہ اہم فریضہ انجام دیا جائے۔
مدرسہ دارالعوام مئو کے پرنسیپل مفتی محمد انور قاسمی نے ای ٹی وی بھارت سے بات چیت کے دوران بتایا کہ جہیز جیسی برائی کو روکنے کے لئے مئو میں علماء و شہر کے معزز افراد کی دو میٹنگ منعقد کی جا چکی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ' اب محلوں میں اس سلسلے میں میٹنگ کا انعقاد کیا جائےگا ۔ اس مہم میں مئو کا دانشور طبقہ بھی شانہ بشانہ شریک ہے ۔ کوشش کی جا رہی ہے کہ معاشرے میں شادی تقاریب کو آسان اور کم سے کم خرچ والی بنایا جائے۔
علماء کے مطابق جہیز کی وجہ سے معاشرے کے غریب گھرانوں کی بیٹیوں کو شادی میں مشکل پیش آرہی ہے ۔ جہیز کے خلاف مہم شروع کرنے کی کوشش سے امید کی جا رہی ہے کہ جلد ہی مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔