وارانسی کے شیوپورعلاقے میں سنت کبیرسُپراسپیشلٹی ہسپتال کا سنگ بنیاد مہامنڈ لیشور سوامی گروشرنانند اور ورینداون کے اچاریہ مہنت ویویک داس نے مشترکہ طور سے رکھا گیا، اس موقع پر وی آر لائف ابوظہبی کے چیئرمین ڈاکٹر وی آر شیٹی بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ اس ہسپتال کے قیام کا مقصد کینسر کے علاوہ ہر قسم کے امراض کا علاج عالمی سطح کی سہولیات کے ساتھ کیا جائے اور اسکے ساتھ ہی یہ پورانچل کا پہلا ایئرایمبولینس ہسپتال ہوگا۔
وی آر لائف کے چیئرمین ڈاکٹر وی آر شیٹی نے کہا کہ یہ ہسپتال مکمل طور پرغریبوں کے لیے وقف ہے اور کوئی بھی مریض یہاں پر آیوشمان اسکیم کے تحت مفت علاج کراسکتا ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ یہ 500 بستروں والا سپراسپیشلٹی ہسپتال 2022 کے اپریل تک مکمل طور پر تیار ہوجائے گا جہاں پر ہر ضرورت مند کا علاج کیا جائے گا یہاں ذات پات، مذہب، اونچ نیچ کی کوئی جگہ نہیں ہے، میں نے 1972 میں کبیرصاحب پر ایک ہسپتال بنانے کا عزم کیا تھا جو آج مکمل ہوگیا ہے۔
واضح رہے کہ یہ سپر اسپیشلٹی ہسپتال وی آر فاؤنڈیشن کے چیئرمین ڈاکٹر وی آر شیٹی نے شروع کیا ہے، جس میں 500 بیڈز ہوں گے اور یہ ہسپتال عالمی معیار کی سہولیات سے آراستہ ہوگا جہاں شیوپور اسٹیشن پر ائیر ایمبولینس اور پارکنگ بھی ہوگی۔