اترپردیش پنچایت انتخاب 2021 میں راشٹریہ علماء کونسل نے انتخاب لڑنے کا اعلان کرتے ہوئے زمینی سطح پر تیاریاں اور انتخابی تشہیری مہم بھی شروع کردی ہے۔
راشٹریہ علماء کونسل فی الحال اترپردیش کے تقریبا تیس اضلاع میں پنچایت انتخابات میں حصہ لے رہی ہے اور پارٹی کے ذمہ دار پردھان، ضلع پنچایت ممبر اور بی ڈی سی عہدے کے لیے ممکنہ امیدواروں کی فہرست تیار کرنے میں مصروف ہیں۔
راشٹریہ علماء کونسل کے قومی ترجمان طلحہ رشادی نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ ممکنہ امیدواروں کی فہرست میں سہارنپور، بہرائچ، جونپور، اعظم گڑھ، مئو اور غازی پور کے ساتھ تقریبا ایک درجن اضلاع میں امیدواروں کے ناموں کا طے ہونا آخری مرحلے میں ہے۔
انھوں نے بتایا کہ اس کے علاوہ مظفر نگر، کشی نگر، اورئی ، جالون اور علی گڑھ میں بھی اچھے امیدوار کو نامزد کرنے کی تیاریاں بھی شروع کر دی گئی ہیں، قومی ترجمان کے مطابق پارٹی معاشرے کے پسماندہ طبقات کے محنتی امیدواروں کو ہی ترجیح دے رہی ہے۔
انھوں نے موجودہ پنچایت انتخابات کو یوپی اسمبلی انتخابات 2022 کا سیمی فائنل قرار دیتے ہوئے کہا کہ پنچایتی انتخاب میں کامیابی طے کرنے کے بعد ہی اسمبلی انتخاب 2022 کے لیے حکمت عملی تیار کی جائے گی۔
واضح رہے کہ اترپردیش کے گزشتہ پنچایت انتخابات میں بھی راشٹریہ علماء کونسل نے حصہ لیا تھا اور پارٹی کے زیادہ تر امیدواروں کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا لیکن ریاست کی بڑی اور اہم سیاسی پارٹی ’سماجوادی پارٹی اور بہوجن سماجوادی پارٹی‘ کو علماء کونسل کے امیدواروں سے زبردست نقصان پہنچا تھا۔
اترپردیش میں پنچایت انتخابات 15 اپریل سے 29 اپریل کے درمیان چار مراحل میں ہوں گے اور ووٹوں کی گنتی 2 مئی کو ہوگی، پنچایت انتخابات کے لیے نامزدگی کا عمل 3 اپریل سے پہلے مرحلے کے انتخابات کے لئے شروع ہوگا۔ 7 اپریل سے دوسرے مرحلے کے لیے نامزدگی ہوں گے، اس کے بعد نامزدگی کا عمل تیسرے مرحلے کے لیے 13 اپریل اور چوتھے مرحلے کے لیے 17 اپریل سے شروع ہوگا۔